میرٹ اور شفافیت کی بدولت آج اور کل کے خیبرپختونخوا میں واضح فرق ہے :شاہ فرمان

میرٹ اور شفافیت کی بدولت آج اور کل کے خیبرپختونخوا میں واضح فرق ہے :شاہ فرمان

پشاور( سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ اور آبنوشی شاہ فرمان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے عوام کو ایک نئی سوچ دی ہے جو کہ خیبر پختونخوا حکومت نے تبدیلی کی شکل میں نافذ کر دی ہے۔ یہ بات انہوں نے پیر کے روز اپنے حلقہ نیابت بڈھ بیر سوڑیزئی میں عوامی وفود سے ملاقات کے دوران کی۔ صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ اگر نیت ٹھیک ہوااور عوام کی خدمت کا جذبہ ہو تو تبدیلی لائی جا سکتی ہے۔ یہ تبدیلی ہی ہے کہ آج خیبر پختونخوا کے عوام کو اپنے حقوق کیلئے کسی سیاسی سفارش کی ضرورت نہیں ہے۔ زندگی کے تمام شعبوں میں عوام کو خدمات کی فراہمی بلا رکاوٹ کی جا رہی ہے۔ موجودہ صوبائی حکومت نے بر سر اقتدار آتے ہی ایک جامع منصوبہ بندی کے تحت فرسودہ اور گھسے پٹے نظام کو درست کرنے کا بیڑہ اٹھایا اور اللہ کا شکر ہے کہ آج کے اورکل کے خیبر پختونخوا میں واضح فرق محسوس کیا جا سکتا ہے ۔ تحریک انصاف کی موجودہ صوبائی حکومت نے ہر کام میں احتساب کے عمل کو یقینی بنایا اور سب سے پہلے معلومات تک رسائی کا قانون صوبائی اسمبلی سے منظور کرا کے خود کو عوام کے سامنے کھلی کتاب کی طرح رکھ دیا جس کی بدولت صوبہ بھر کے عوام حکومت کے کسی بھی اقدام کی مقررہ مدت کے اندر معلومات حاصل کر سکتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ عوام کے تعاؤن سے صوبائی حکومت نے تمام سرکاری محکموں میں میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنایا ہے اور این اے فور کے حالیہ ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف کے امید وار کی بھاری اکثریت سے کامیابی بھی اسی عوامی اعتماد کا مظہر ہے۔ شاہ فرمان کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ اور گزشتہ صوبائی حکومتوں کے درمیان واضح فرق اختیارات کودرست اور صحیح معنوں میں استعمال کرناہے جس کی بدولت آج عوام کی زندگیوں میں واضح تبدیلی آئی ہے اور صوبہ میں میرٹ ، شفافیت اور امن کا قیام ممکن ہوا ہے ۔ موجودہ حکومت نے عوام کا پیسہ ملازمتوں اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کی شکل میں عوام پر خرچ کیا ہے ۔ سرکاری اداروں میں اصلاحاتی اقدامات اٹھا کر انہیں عوام کی خدمات کی فراہمی پر لگا دیا ہے ۔ آج صوبے کا ہر ایک شخص کسی سیاسی و دیگر سفارش کے بغیر صوبائی حکومت کے اقدامات سے مستفید ہو رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف نے کچھ لو کچھ دو کی پالیسی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا ہے اور اسی کا نام تبدیلی ہے جو یہاں کے عوام کی زندگیوں میں آئی ہے

مزید : کراچی صفحہ اول