کرک ،جان لیوا مرض خناق نے مزید 2 بچوں کی جان لے لی
کرک (بیورورپورٹ) جان لیوا مرض خناق نے کرک میں تباہی مچا تے ہوئے 24 گھنٹے میں مزید دو بچوں کی جان لے لی ایک ماہ میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد دس تک جا پہنچی ، محکمہ صحت نے مرض سے نمٹنے کیلئے حفاطتی ٹیکوں کا مہم شروع کر دیا ۔تفصیلات کے مطابق جان لیوا مرض خناق جس نے گذشتہ دوماہ سے ضلع کرک سمیت بنوں اور لکی مروت کو لپیٹ میں لے رکھا ہے نے گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران چلڈرن ہسپتال لاہور میں زیر علاج کرک کے چار سالہ فرحین دختر ساجداللہ سکنہ الگڈی شرقی اور گیارہ سالہ حکمت اللہ ولدعجب خان سکنہ لتمبرکی جان لے لی ہے جنہیں سوموار کے روز اپنے اپنے آبائی قبرستانوں میں سپردخاک کیا گیا جبکہ چار روزقبل نو سالہ فروا شاہین دختر سجاد انور سکنہ میٹھا والا کرک اور چار سالہ نعمان سکنہ عظیم کلہ بنوں بھی اس موذی مرض کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں جبکہ یہ بیماری تقریباً ایک ماہ قبل یونین کونسل احمد آباد میں بھی سات بچوں کی جانیں نگل چکا ہے جس سے ایک ماہ میں کرک میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد دس تک جاپہنچی ہے علاوہ ازین معلوم ہوا ہے کہ اس موذی سے گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران درجنوں بچوں متاثر ہو ئے جس سے متعلق عوام علاقہ میں بھی شدید خوف و ہراس پھیل چکا ہے واضح رہے کہ کرک سمیت جنوبی اضلاع میں اس مرض کے علاج کا کوئی خاص انتظام موجود نہیں اور محکمہ صحت کے مقامی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ مرض کے فوری علاج کیلئے موزوں ترین اے ڈی ایس ٹیکے خیبر پختونخوا کے چار بڑے ہسپتالوں میں بھی دستیاب نہیں جس کی وجہ سے مرض سے متاثرہ بچوں کو علاج کیلئے لاہور منتقل کیا جا رہا ہے واضح رہے کہ وولڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی جانب سے اے ڈی ایس ٹیکے گذشتہ تقریباً ایک ماہ سے فراہم نہیں کیئے گئے جس سے متعلق محکمہ صحت کے حکام نے رابطہ کرنے پر بتایا ہے کہ یہ ٹیکے 10دسمبر تک خیبر پختونخوا کو پہنچ جا ئینگے اس سلسلے میں ’’آج‘‘ جب محکمہ صحت کرک کے فوکل پرسن ڈاکٹر ماجد خٹک سے رابطہ کرکے ان کی موقف جاننے کی کوشش کی تو انکا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں ہم نے اپنی ذمہ داری پوری کی ہے اوردس روز قبل ضلع بھر کے 21 یونین کونسلز میں دو ہفتے تک خصوصی مہم چلا کر بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگا چکے ہیں اور اب بھی ضلع کے مختلف ہسپتالوں میں ٹیکوں سے محروم بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگائے جارہے ہیں لیکن مرض لاحق ہونے کے بعد اس کا علاج انتہائی مہنگا ہونے کے ساتھ ساتھ یہاں ہونا مشکل ہے ۔دریں اثناء محکمہ صحت کرک نے خناق سے متاثرہ علاقوں میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دیکر حفاطتی ٹیکے لگوانے کا خصوصی مہم بھی شروع کر دیا ہے اور محکمہ کے اہلکاروں سٹی ہسپتال سمیت شہر کے نواحی علاقے الگڈی کرک میں دو مقامات پر سینکڑوں بچوں کو خناق کے حفاطتی ٹیکے لگوائے۔