عوام کے حقوق کے حصول کے لئے ہر حد تک جائینگے ،ڈاکٹر امجد علی

عوام کے حقوق کے حصول کے لئے ہر حد تک جائینگے ،ڈاکٹر امجد علی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور( سٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے کہا ہے کہ عوام کے حقوق کے حصول کے لئے ہر حد تک جائینگے اور عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرکے ہی دم لیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوات کے علاقے کوٹلے میں ایک شمولیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے بھر پور کوششیں شروع کی ہیں تا کہ صوبے کے تمام شہریوں کو ان کے جائز حقوق دلائے جا سکیں۔ڈاکٹر امجد نے کہا کہ صوبائی حکومت نے صحت سہولت کارڈ کے تیسرے مرحلے کا آغاز کر دیا ہے جس سے25لاکھ خاندان مستفید ہونگے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت سے پہلے ہسپتال اور لیبارٹریاں عوام سے پیسہ بٹورتی تھیں لیکن اب صوبائی حکومت نے ہسپتال نظام کو ٹھیک کیا ہے اور صحت سہولت کارڈ سسٹم شروع کیا ہے جس کے تحت لوگوں کو مفت علاج کی سہولیات میسر ہوں گی۔اس موقع پر علاقہ کے دیگر مشران نے بھی جلسے سے خطاب کیا اور کہا کہ صوبائی حکومت نے PK-82کے عوام کے دل جیت لئے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ لوگ جوق در جوق پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں۔ڈاکٹر امجد نے کہا کہ صوبائی حکومت نے پورے سوات میں سڑکوں کا جال بچھا دیا ہے جس سے عوام کی مشکلات میں کمی آئی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے محکمہ تعلیم،صحت کے شعبوں میں بہتری اور کرپشن کے خاتمے کا جو نعرہ لگایا تھا وہ پورا کر دیا ہے اور صوبہ خیبر پختونخوا میں تعلیم اور صحت کے شعبوں میں نمایا ں تبدیلی لائی ہے۔وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی نے کہا کہ بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبہ عوام کے لئے صوبائی حکومت کی طرف سے ایک تحفہ ہے اور انشاء اللہ کچھ ہی مہینوں میں اس پر ترقیاتی کاموں کو مکمل کرکے اسکوعوام کے لئے کھول دئیے جایءئے گا۔