آزاد کشمیرمیں امن وامان کی بہترصورتحال ہے، ڈاکٹر اعجا ز منیر

آزاد کشمیرمیں امن وامان کی بہترصورتحال ہے، ڈاکٹر اعجا ز منیر

مظفرآباد(بیورورپورٹ) چیف سیکرٹری آزاد کشمیر ڈاکٹر اعجا ز منیر نے کہا ہے کہ آزاد کشمیرمیں امن وامان کی بہترین صورتحال ہے ایک پرامن ریاست ہے ، سیاحت اور ٹور ازم کے شعبہ میں یہاں وسیع پوٹینشل موجود ہے ۔ آزا دکشمیر کو سی پیک میں شامل کیا گیا ہے جس کے تحت یہاں دو ہائیڈرل پاور پراجیکٹ مانسہرہ مظفرآباد ، میرپور منگلا ایکسپریس وے اور انڈسٹریل زونز تعمیر کیے جارہے ہیں ۔ آزاد کشمیر میں ہر شخص کے پاس اپنی زمین موجود ہے ۔ وفاقی حکومت نے رواں سال آزاد کشمیر کا ترقیاتی بجٹ دوگنا کر دیا ہے جس کی وجہ سے ریاست کی تعمیر وترقی میں مزید بہتری آئے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز نیشنل مینجمنٹ کالج لاہور کے سینئر مینجمنٹ کور س کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات ڈاکٹر سید آصف حسین شاہ نے شرکاء کو آزاد کشمیر کی تاریخ ، تعمیر وترقی ، پوٹینشل اور ڈویلپمنٹ کے بارہ میں تفصیلی بریفنگ دی جبکہ اس موقع پر سیکرٹری مالیات قدیر احمد تارڑ، سیکرٹری سروسز چوہدری لیاقت حسین بھی موجود تھے ۔ چیف سیکرٹری آزاد کشمیر نے کہا کہ آزاد کشمیر میں شرح خواندگی دیگر صوبوں سے بہتر ہے یہاں پر امن و امان کی صورتحال بہترین ہے ۔ریاست کی 1.5ملین لوگ بیرون ملک آباد ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیرمیں سیاحت اور ہائیڈرل کے شعبوں میں وسیع پوٹینشل موجود ہے ۔ حکومت آزاد کشمیر ان دونوں شعبوں پر توجہ دے رہی ہے ۔ ٹور ازم کو ریڈور کا منصوبہ زیر کار ہے جس کے تحت ریاست کے اندر سیاحت کو فروغ ملے گا۔ آزاد کشمیر میں9000میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کا پوٹینشل موجود ہے جس کو زیر استعمال لانے کے لیے حکمت عملی بنائی گئی ہے ۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر