حکومت بلدیاتی اداروں کو مضبوط کررہی ہے،ملک تنویر اسلم

حکومت بلدیاتی اداروں کو مضبوط کررہی ہے،ملک تنویر اسلم

چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر) حکومت پنجاب بلدیاتی اداروں کو مضبوط کرنے کیلئے بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے۔ اس ضمن میں صوبے بھر کی یونین کونسلوں کیلئے لوکل گورنمنٹ پیکج اور خادم پنجاب صاف دیہات پروگرام اس سلسلے کی اہم کڑی ہیں۔ حلقہ پی پی20میں ضمنی انتخابات کی وجہ سے اور الیکشن کمیشن کے قواعد و ضوابط کے مطابق کسی بھی ترقیاتی منصوبے کی منظوری نہیں دی گئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر ورکس اینڈ پبلک ہیلتھ پنجاب ملک تنویر اسلم سیتھی نے پیر کے روز ڈی سی آفس میں لوکل گورنمنٹ ڈویلپمنٹ پروگرام کے حوالے سے منعقد ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر چکوال ، وائس چیئرمین ضلع کونسل چوہدری خورشید بیگ، مسلم لیگ ن کے مقامی رہنما ملک امیر محمد خان، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ، ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ، چیف آفیسر ضلع کونسل کے علاوہ دیگر متعلقہ محکموں کے افسران شریک تھے۔ اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ نے بریفنگ دی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ حکومت پنجاب نے دیہی علاقوں کو بھرپور ترقی دی کیلئے دو پروگرام شروع ہیں جن میں لوکل گورنمنٹ پیکج اور خادم پنجاب صاف دیہات پروگرام شامل ہیں۔ صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ لوکل گورنمنٹ پیکج کے تحت ہر یونین کونسل کو 25لاکھ روپے ترقیاتی سکیموں کیلئے ملیں گے۔ اس سلسلے میں تمام سٹیک ہولڈر کے ساتھ ملکر متفقہ طور پر ہر یونین کونسلوں میں ترقیاتی سکیموں کو شروع کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب صاف دیہات پروگرام کو سنجیدگی سے لے رہے ہیں جس میں حکومت پنجاب نے صاف ستھرائی کیلئے20دسمبر کی ڈیڈ لائن مقر ر کی گئی ہے۔ صاف دیہات پروگرام کے تحت یونین کونسلوں کو ماہانہ3لاکھ روپے گرانٹ ملے گی جبکہ دسمبرمیں اس گرانٹ سے ہٹ کر ایک لاکھ روپے اضافی گرانٹ ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ خادم اعلیٰ پنجاب صحت و صفائی پروگرام کا مقصد دیہی علاقوں کو وہ تمام سہولیات بہم پنچانا ہیں جو اب تک صرف شہروں تک محدود تھیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پی پی20میں ضمنی الیکشن کی وجہ سے کسی بھی ترقیاتی سکیم کی منظوری نہیں دی گئی۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر