فراہمی انصاف کیلئے پولیس،عوام میں اعتماد ہونا چاہیے،شعیب دستگیر

فراہمی انصاف کیلئے پولیس،عوام میں اعتماد ہونا چاہیے،شعیب دستگیر

مظفرآباد(بیورورپورٹ) انسپکٹر جنرل پولیس آزاد کشمیر محمد شعیب دستگیر نے کہا ہے کہ کسی بھی ریاست کی ترقی اور عوام کو انصاف کی فراہمی کا دارومدار مضبوط فوجداری نظام انصاف کے بغیر ممکن نہیں۔ عوام کو انصاف کی فراہمی کے لئے پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد کا ہونا انتہائی ضروری ہے۔ بنیادی تفتیشی طریقہ کار کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے شفاف معیاری تفتیش کے بغیر کسی بھی صورت انصاف کی فراہمی ممکن نہیں ہو سکتی۔ ناقص تفتیش کے نظام کی وجہ سے مجرمان قانون سے بچ نکلتے ہیں۔ وسائل کے اندر رہتے ہوئے محکمہ پولیس میں مزید اصلاحات لا رہے ہیں۔ آزاد کشمیر پولیس کو دور جدید کے تقاضوں کے مطابق جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے ریاست کے عوام کو انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے۔پولیس کو چاک وچوبند رکھنے کے لیے آزاد کشمیر کے تمام اضلاع میں ہفتہ وار پریڈ کاانعقاد کیا جارہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار آزاد کشمیر کے انسپکٹر جنرل پولیس محمد شعیب دستگیر نے تفتیشی آفیسران و نوجوانوں کی استعداد کار بڑھانے کے حوالے سے افتتاحی ریفریشر کورس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔افتتاحی تقریب سے آزاد کشمیر کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس عرفان مسعود کشفی، ڈی ایس پی اسرار الحق، سب انسپکٹر میر ولی دادسلہریا اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ جبکہ اس موقع پر ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس خالد حسین چوہان، ایس ایس پی صاحبان،، تاجران، میڈیا، ریٹائرڈ و حاضر سروس آفیسران اور مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے لوگ بھی موجود تھے۔ ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس عرفان مسعود کشفی نے ریفریشر کوس کے حوالہ سے کہا کہ یہ ریفریشر کورس 15دن کے لئے ہوگا۔ ریفریشر کورس سے تفتیشی آفیسران کی استعداد کار کو بڑھانے کے لیے موثر ترین ثابت ہوگی اورا بتدائی تفتیش کی شفافیت کو یقینی بنایا جاسکتا ہے تاکہ عوام کو انصاف کی فراہمی ممکن ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ فوجداری نظام انصاف میں ہر شہری سے واسط پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے کورس میں30 تفتیشی آفیسر شرکت کررہے ہیں جبکہ آئندہ بھی ریفریشر کورسز جاری رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دستیاب وسائل کا پیشہ وارانہ استعمال بہتر طور پر یقینی بنایاجاکر عوام کا انصاف کی فراہمی ممکن ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریننگ میں تفتیشی آفیسران کی استعداد کار بڑھانے کے لئے پولیس انسٹرکٹر کے علاوہ وکلاء بار، عدلیہ اور دیگر شعبوں سے بھی تعاون حاصل کیا جائے گا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس شعیب دستگیر نے کہا کہ ریاست کے عوام کو انصاف کی فراہمی میں تفیشی ہی بنیادی اکائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوجداری نظام انصاف کو مضبوط بنا کر ریاست میں قانون کی عملداری اور انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکتا ہے انہوں نے کہا کہ کسی بھی ریاست کو عمدہ فوجداری نظام انصاف ہی بنیادی اکائی ہے۔ قبل ازیں ملک بھر میں دہشتگردی کے واقعات میں شہید ہونے والے سیکیورٹی فورسز کے آفیسران و جوانوں کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر