بندوقیں اور توپیں بھی وفاداریاں تبدیل نہیں کرسکتیں ،بلال اعجاز شفیع
کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما اور سابق امیدوار قومی اسمبلی میاں بلال اعجاز شفیع نے کہا ہے دور حاضر کے مقبول ترین رہنما میاں محمد نواز کی قیادت میں بہت جلد پنجاب ، بلوچستان، آزاد کشمیراور گلگت بلتستان کی طرح سندھ اور خیبر پختونخوا میں بھی پاکستان مسلم لیگ(ن) کے شیرو ں کی حکومتیں قائم ہونگی. انتخابات کے التوا کی سازشوں کی ہر کوشش بدترین ناکامی کے بعد مایوسی کی قبر میں دفن ہوتی رہے گی. پاکستان مسلم لیگ(ن) کی صفوں میں انتشار کی سیاسی پنڈتوں کی پیش گوئیاں بھی دم توڑ رہی ہیں کراچی سے پاکستان مسلم لیگ(ن) کے سابق امیدوار قومی اسمبلی. میاں بلال اعجاز شفیع نے کہا کہ ہماری جماعت اور قائد میاں محمد نواز شریف کے خلاف تابڑ توڑ سازشوں کے سلسلے میاں محمد نواز شریف کے شیروں کے جذبے کم نہیں کر سکے. ملک کے کسی حلقے سے کسی ایک منتخب رکن پارلیمنٹ نے بھی پارٹی اور قیادت کا ساتھ نہیں چھوڑا .پارٹی کا ہر رہنما اور کارکن آج بھی اسی طرح اپنے قائد کے ساتھ کھڑا ہے جس طرح 1999 کے شبخون کے بعد میاں اعجاز شفیع مرحوم، راجہ ظفر الحق، اقبال ظفر جھگڑا سمیت پارٹی کے لاتعداد سینئر رہنما میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں مشرف آمریت کے سامنے ڈٹ گئے تھے. میاں بلال اعجاز شفیع نے کہا قائد میاں محمد نواز شریف کو تنہا کرنے اور پاکستان مسلم لیگ(ن) کو کمزور کرنے کی مخفی اور ظاہری کوششیں ہر دن بڑھتی جارہی ہیں اقتدار پر فوری قبضے کے خواہشمند ہمارے قائد عوام کے وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کو ملک کے سیاسی منظر سے دور کرنے کی کوششوں میں سیاسی اور جمہوری اقدار کا بھی بے دریغ قتل عام کر رہے ہیں لیکن اللہ کے فضل سے قوم کا بچہ بچہ آج بھی میاں محمد نواز شریف کے ساتھ اٹوٹ وابستگی کا تمغہ سینے پر سجائے پاکستان مسلم لیگ(ن) کی طاقت بن رہا ہے.