سی ویو قتل کیس،ملزم خاور برنی کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ

سی ویو قتل کیس،ملزم خاور برنی کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت نے سی ویو قتل کیس میں ملوث ملزم خاورحسین برنی کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا،عدالت نے تفتیشی افسر کو مقدمہ کی پیش رفت رپورٹ بھی جمع کرانے کا حکم دیا ہے ۔پیر کو جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں درخشاں پولیس نے سی ویو پر ہونے والے قتل کیس میں ملوث ملزم خاور حسین برنی کو پیش کیا۔عدالت کے روبرو ملزم کے وکیل کا کہنا تھا کہ انکے موکل سے چونکہ گاڑیاں برآمد ہوئی تھیں اس لئے انکا ریمانڈ نہیں بنتا۔ملزم کے وکیل کا اپنے موقف میں مزید کہنا تھا کہ انکے موکل کی تصاویر سوشل میڈیا کے زریعے پھیلائی جارہی ہیں۔دوسری جانب عدالت میں مقدمہ کے تفتیشی افسر کا موقف تھا کہ گزشتہ روز پیش آنے والے واقعہ میں ایک شخص جاں بحق جبکہ ایک شدید زخمی ہوا۔تفیشی افسر نے ملزم سے مزید تفتیش کے لئے عدالت سے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔عدالت کے روبرو پیش ہوکر استغاثہ کے وکیل نے مقدمہ میں دہشت گردی کی دفعات شامل کرنے کی استدعا کی تاہم عدالت نے ملزم خاور حسین برنی کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرتے ہوئے تفتیشی افسرکو مقدمہ کی پیش رفت رپورٹ جمع کرانے کی بھی ہدایت کی۔

مزید : کراچی صفحہ آخر