دہشتگردی کے واقعات ملکی سلامتی کیخلاف مذموم سازش ہیں‘ حسین جہانیاں گردیزی

دہشتگردی کے واقعات ملکی سلامتی کیخلاف مذموم سازش ہیں‘ حسین جہانیاں گردیزی

کبیروالا(نامہ نگار) سابق صوبائی خوراک وممبر صوبائی اسمبلی سید حسین جہانیاں گردیزی نے موضع نڑہال میں محمد ظفر خان سیال کی جانب سے اپنے اعزاز میں دئیے گئے عشائیہ سے خطاب (بقیہ نمبر38صفحہ7پر )

کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے واقعات ملکی سلامتی کے خلاف مذموم سازش ہیں ،ملکی حالات کا تقاضا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں اور قومی قیادت ’’محاذ آرائی‘‘ کی بجائے ملکی سلامتی کو درپیش خطرات سے نمٹنے کیلئے متحد اور منظم ہوکر جدوجہد کریں ،موجودہ حکومت کو اپنی مقررہ مدت اقتدار پورا کرنے کا مکمل موقع ملنا چاہیے ،خطے میں قیام امن اور پاکستان میں معاشی انقلاب کے لئے ’’سی پیک منصوبہ ‘‘ کلیدی اہمیت اختیار کرچکا ہے ،پاکستان کی سلامتی ،معاشی ترقی کے دشمن اور خطے میں اپنی تھانیداری کو برقرار رکھنے کے خواہش مند ہمسایہ ممالک کسی صورت بھی سی پیک منصوبے تعمیری حوالوں سے کامیاب ہوتا ہوا نہیں دیکھنا چاہتے ،اس لئے پاکستان کے صوبہ بلوچستان اور صوبہ خیبر پختونخواہ میں دہشت گردانہ واقعات تسلسل کے ساتھ ہورہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہمارے سیاسی گروپ کی جانب سے تحصیل کبیروالا میں جتنے ریکارڈ ترقیاتی کام ہوئے یا ہورہے ہیں ،ماضی میں ان کی مثال ملنا مشکل ہے ،انشاء اللہ عوام کی خدمت اور علاقے کی تعمیر وترقی کا سفر آئندہ بھی بلا امتیاز جاری رکھیں گے اورآئندہ الیکشن میں بھی عوام کااعتماد دوبارہ حاصل کرنے میں سرخرو ہوں گے۔ میزبان سردار محمد ظفر خان سیال نے کہا کہ سید حسین جہانیاں گردیزی نے علاقہ میں تعمیر وترقی خصوصاً تعلیمی اداروں کی قیام اور اپ گریڈیشن کے حوالے سے جو فلاحی کام کیا ہے ،وہ قابل ستائش ہے اور سید حسین جہانیاں گردیزی کی عوام دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہیں ۔اس موقع پرسردار کامران ظفر خان سیال،سردار سہیل ظفر خان سیال،سردار سعد ظفر خان سیال سید منتظرمہدی،مبشر حسن خان بھٹہ،چوہدری شوکت علی،حفیظ سعیدی ،میاں محمد صفدر میانہ،ثقلین شاہ اور دیگربھی موجود تھے۔

مزید : ملتان صفحہ آخر