13افراد کی عدم بازیابی پر ایس ایچ او سٹی چنیوٹ معطل ،ڈی پی او طلب
لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہورہائیکورٹ نے 13 افراد کی بازیابی کے لئے دائر درخواست پر ایس ایچ اور سٹی چنیوٹ کو معطل کرتے ہوئے ڈی پی او چنیوٹ کو 2دن میں تمام افراد کو بازیاب کرانے کا حکم دے دیاہے۔
جسٹس عبدالسمیع خان نے نذیر احمد کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کی جانب سے ایڈوکیٹ شمیم احمد چوہان نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ نوکری کا جھانسہ دے کر 13 افراد کو اغوا کر لیا گیا ، درخواست گزار کے وکیل نے دوران سماعت نشاندہی کی کہ عمر نامی شخص نے خاندان کے افراد کو اغوا کیا ہے۔ تاہم پولیس کو بازیابی کے لئے متعدد درخواستیں دیں لیکن پولیس بازیاب نہیں کرا رہی، درخواست گزار کی جانب سے عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ عدالت تمام افراد کی بازیابی کا حکم دے، عدالتی حکم عدولی پر عدالت نے ایس ایچ او تھانہ سٹی کو فوری معطل کرتے ہوئے ڈی پی اور چنیوٹ کو 2روز میں تمام افراد کو بازیاب کرانے کا حکم دے دیاہے۔