دشمن گھات میں ہے ،حکومت نے ملک کو حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ رکھا ہے :وکلاءرہنماﺅں کی پریس کانفرنس

دشمن گھات میں ہے ،حکومت نے ملک کو حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ رکھا ہے ...
دشمن گھات میں ہے ،حکومت نے ملک کو حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ رکھا ہے :وکلاءرہنماﺅں کی پریس کانفرنس

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر چودھری ذوالفقار علی ،سابق صدورلاہور ہائی کورٹ بارحامد خان ،رانا ضیاءعبدالرحمن اور ممبر ایگزیکٹو کمیٹی سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن سکندر جاوید نے گزشتہ روزمشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز گوناگوں مسائل کا شکار ہے اور اس کی سرحدوں پر ملک کے ازلی دشمن گھات لگائے بیٹھے ہیں جبکہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ملک اور اس کے عوام کو حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ رکھا ہے اور نااہل سابق وزیر اعظم نواز شریف کو بچانے کے لئے تمام سرکاری مشینری استعمال کی جا رہی ہے۔

دوسری طرف سابق وزیر اعظم میاں محمد نوازشریف عدلیہ کے خلاف گھٹیا اور بازاری زبان استعمال کرتے ہوئے معزز جج صاحبان کو پی سی او ججز کہہ کر عدلیہ کی توہین کا مرتکب ہو رہے ہیں۔ میاں محمدنواز شریف ایک سوچے سمجھے منصوبہ کے تحت پاکستان کی آزاد عدلیہ کو دنیا کے سامنے بدنام کرنے کے ساتھ ساتھ رسوا کرنے کی گھناﺅنی سازش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ 1997ءنہیں ہے کہ مسلم لیگ (ن) عدلیہ پر چڑھ دوڑے گی ،اب وہ دور نہیں رہا ،ملک کے عوام سمجھدار اور باشعور ہیں اور ملک بھر کے وکلاءجنہوں نے عدلیہ کی آزادی کے لئے ایک طویل جدوجہد کرتے ہوئے جانوں کے نذرانے پیش کئے آزاد عدلیہ کے ساتھ کھڑے ہیں اور عدلیہ کے محافظ ہیں۔ انہوں نے کہا ہم سمجھتے ہیں نا اہل سابق وزیر اعظم معزز جج صاحبان کے خلاف جو گھٹیا زبان استعمال کر رہے ہیں آزاد عدلیہ کے تقدس کے خلاف اور عدلیہ کی توہین ہے، ہم وکلاءآزاد عدلیہ کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور اسکا مکمل دفاع کریں گے۔ 

مزید :

لاہور -