سٹاک مارکیٹ میں تیزی، ڈالر کی قدر 20 پیسے کم، سونا فی تولہ 350روپے مہنگا
کراچی (اکنامک رپورٹر)پاکستان سٹاک مارکیٹ میں تیزی سے کے ایس ای100انڈیکس میں 40ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہوگئی،انڈیکس 481.79 پوائنٹس بڑھنے پر 40270.52پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا، جس کے سبب مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت میں 82 ارب 33کروڑ43لاکھ روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق کاروباری ہفتے کے تیسرے روز کاروبار کا آغازمنفی زون میں ہوا، بعد ازاں سرمایہ کاروں کی جانب سے(بقیہ نمبر5صفحہ12پر)
معاشی صورتحال میں استحکام آنے کے پیش نظر منافع بخش کمپنیوں کے شیئرز کی خریداری شروع کردی۔مارکیٹ کے اختتام پرکے ایس ای100انڈیکس481.79پوائنٹس اضافے سے 40270.52پوائنٹس پر بند ہوا۔مارکیٹ میں مجموعی طور پر401کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے294کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ،87میں کمی اور20کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔دوسری جانب انٹر بینک میں پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں مزید8 پیسے جبکہ اوپن مارکیٹ میں 20پیسے کمی آگئی،یورو اور برطانوی پاؤنڈ کی قدر میں اضافہ جبکہ سعودی ریال اور یو اے ای درہم کی قدر میں کمی ریکارڈکی گئی۔فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق انٹربینک مارکیٹ میں گزشتہ رو امریکی ڈالر کی قیمت خرید 155.10روپے اورقیمت فروخت155.20روپے ہوگئی جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خرید155روپے اور قیمت فروخت155.20روپے رہی۔علاوہ ازیں بین الاقوامی گولڈ مارکیٹ 7ڈالر اضافہ سے فی اونس سونے کی قیمت1477ڈا لرہوگئی،جس کے باعث مقامی صرافہ مارکیٹوں میں سونا فی تولہ 350روپے مہنگاہوگیا۔آل کراچی صراف اینڈجیولرزایسوسی ایشن کے مطابق کراچی،حیدرآباد، سکھر، ملتان، فیصل آباد، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت85450روپے اوردس گرام سونے کی قیمت 300روپے کے اضافے سے73260روپے ہوگئی۔
سٹاک مارکیٹ/ڈالر/سونا