پنجاب بھر میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں، طلب و رسد کی نگرانی کیلئے لائحہ عمل تیار

    پنجاب بھر میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں، طلب و رسد کی نگرانی کیلئے لائحہ ...

  

 راولپنڈی(آئی این پی)چیف سیکرٹری پنجاب میجر (ریٹائرڈ) اعظم سلیمان خان کی ہدایت پر صوبہ میں اشیاء خورونوش کی قیمتوں، طلب اور رسد کی موثرنگرانی کیلئے مربوط لائحہ عمل تیار کر لیا گیا۔اس ضمن میں چیف سیکرٹری پنجاب کی زیر صدارت اجلاس میں اشیاء ضروریہ کی رسد اور دستیابی کی پیش بینی کیلئے کمیٹی کی تشکیل، تحصیل کی سطح پر ماڈل بازاروں کے قیام، سٹاکس کا ڈیٹا بیس تیار کرنے، سبزی منڈیوں میں کیمروں کی تنصیب اورگاڑیوں کے داخلے کا ریکارڈ ڈیجیٹائز کرنے کی تجاویز پیش کی گئیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا عو ا م کو حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم کرنے کیلئے فعال انداز میں کام کرنا ہو گا۔ گرانفروشوں، ذخیرہ اندوزوں اور اشیا ء میں ملاوٹ کرنیوالوں  سے کوئی رعایت نہیں برتی جائیگی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ڈپٹی کمشنرز سبزی منڈیوں کے اچانک دورے کریں اور نیلامی کے عمل کی مکمل نگرا نی کیلئے کم از کم گریڈ 17 کا افسر بطور نمائندہ مقر ر کریں۔ دکانوں میں ریٹ لسٹیں نمایاں طور پر آویزاں ہونی چاہئیں اور گرانفروشی سے متعلق شکایت کی صورت میں عوام کی رہنمائی کیلئے آگاہی مہم شروع کی جائے۔ سیکرٹری انڈسٹریز نے اجلاس کو بریفنگ میں بتایاصوبہ میں گرانفرو شوں، ذخیرہ اندوزوں اور ملاوٹ مافیا کیخلاف کریک ڈاون بھر پور انداز میں جاری ہے اور ماہ نومبر میں گرانفروشی و دیگر خلاف ورزیوں پر 3670افراد کو گرفتار جبکہ 3957مقدمات کا اندراج اورآٹھ کروڑ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ اسی طرح مختلف اضلاع میں 222ذخیرہ اندوزوں کیخلاف بھی مقدمات درج کئے گئے۔ صوبہ میں 74کسان مارکیٹیں قائم کی گئی ہیں جہاں کسان غذائی اجناس براہ راست فرو خت کر رہے ہیں۔ گزشتہ ماہ قیمت پنجاب ایپ پر 2359شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 2205کا فوری ازالہ کر دیا گیا۔اجلاس میں زراعت، خوراک، اطلاعات کے محکموں کے ایڈمنسٹریٹو سیکرٹریز، کمشنر لاہور ڈویژن اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

نگرانی لائحہ عمل

مزید :

صفحہ آخر -