آصف زرداری پر قائم مقدمات ختم، طبی سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ

  آصف زرداری پر قائم مقدمات ختم، طبی سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ

  

جدہ (اکرم اسد) دنیا بھر میں پاکستان پیپلزپارٹی کی 52 ویں یوم تاسیس کی شاندار تقریبات کے انعقاد کا سلسلہ جاری ہے اور اسی سلسلے کو برقرار رکھتے ہوئے پاکستان پیپلزپارٹی سعودی عرب کے زیراہتمام جدہ میں بھی 52 ویں یوم تاسیس کی مرکزی تقریب منعقد کی جسکی صدرا ت پاکستان پیپلزپارٹی سعودی عرب کے صدر تصور چوہدری نے کی۔ مہمان خصو صی چوہدری ذوالفقار علی تھے جبکہ مہمانان اعزازی پی پی پی کے راہنما اسد اکرم اور ادریس قریشی تھے، تلاوت قرآن پاک کی سعادت قاری محمد خلیل نے حاصل کی۔ ہدیہ نعت بحضور رسول پاک صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم معروف شاعر آفتاب ترابی نے پیش کیا اور نظامت بھی آفتاب ترابی نے کی۔ مقررین خلیل احمد عبدالعزیز، الیاس اعوان اور کلیم اللہ نے پی پی پی کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے موجودہ قیادت پر بھرپور اعتماد کا عزم و عہد کیا، معروف شاعر اور ادیب زمرد خا ن سیفی نے قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر بھٹو شہید کو اپنے اشعار کے صورت میں خراج تحسین و عقیدت پیش کیا، ذوالفقار چوہدری، پا کستان جرنلسٹ فورم کے چیئرمین امیر محمد خاں، وقاص عنایت اور پی پی پی کے مرکزی راہنما اسد اکرم نے پارٹی کے کارہائے نمایاں کو اجا گر کرتے ہوئے سابق صدر اور شریک چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی آصف علی زرداری اورچیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قائدانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا پارٹی حکومت نے ملک کو نہ صرف 1973 کا متفقہ آئین دیا بلکہ صدیوں پرانا قادیانیوں کا بھی مسئلہ حل کیا اور اور دائرہ اسلام سے خارج قراردیا۔ ملک کے پسے ہوئے غریب مزدور، کسان اور ہاری کو زبان دی تاکہ وہ اپنے حق کیلئے آ و از اٹھا سکے جبکہ زرعی اصلاحات کر کے بے زمین کاشتکاروں کو زمین دی، صدارتی خطاب میں تصور چوہدری نے میڈیا اور حاضرین کا شکریہ ادا کیا اور پی پی پی کے 52 سالوں کا احاطہ کرتے ہوئے کہا ملک و قوم کیلئے پاکستان پیپلز پارٹی کے قائدین نے اپنی جانوں کے نذرانے د یکر وطن عزیز پاکستان کی تاریخ میں ترقی خوشحالی جمہوریت، استحکام اور ملک کو ناقابل تسخیر بنانے کے ایک روشن باب کا اضافہ کیا۔اس موقع پرسابق صدر پاکستان آ صف زرداری پر قائم مقدمات ختم اور انہیں طبی سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ کیاگیا۔ آخر میں پاکستان پیپلزپارٹی کے شہداء اور دیگر مرحومین کیلئے دعائے مغفرت کی گئی۔

پی پی یوم تاسیس

مزید :

صفحہ آخر -