قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون کے آخری راؤنڈ کا تیسرا روز مکمل

قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون کے آخری راؤنڈ کا تیسرا روز مکمل

  

لاہور (سپورٹس رپورٹر)قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کے آخری راؤنڈ کا تیسرا روز مکمل،یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں ناردرن اور خیبرپختونخوا کے درمیان اہم میچ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوگیا ہے۔ میچ کے آخری روز خیبرپختونخوا کو جیت کے لیے 206 رنز جبکہ ناردرن کو 8وکٹیں درکار ہیں۔ 245 رنز کے ہدف کے  تعاقب  میں خیبرپختوانخوا نے تیسرے روز کھیل کے اختتام پر 2وکٹوں کے  نقصان پر 39رنزبنالیے ہیں۔دوسری جانب اسٹیٹ بنک اسٹیڈیم کراچی میں جاری میچ ڈرا کی جانب گامزن ہے۔ سنٹرل پنجاب کو دوسری اننگز میں 206 رنز کی سبقت حاصل ہے جبکہ اس کی 10وکٹیں باقی ہیں۔ اس سے قبل سنٹرل پنجاب کے 597 رنز کے  جواب میں سدرن پنجاب کی ٹیم 392 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ ذیشان اشرف 141 اور سلمان علی آغا 140 رنز بناکر سدرن پنجاب کی جانب سے نمایاں بیٹسمین رہے۔۔ادھر نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جاری میچ میں بلوچستان کے  471 رنز کے جواب میں سندھ نے 5وکٹوں کے نقصان پر 356 رنز بنالیے ہیں۔ سندھ کی جانب سے 1 وکٹ کے نقصان پر 71 رنز سے میچ کے تیسرے روز پہلی اننگز کا دوبارہ آغاز کرنے والے نوجوان بلے باز سعود شکیل اور تجربہ کاراوپنر خرم منظور نے پراعتماد کھیل کا مظاہرہ کرتیہوئے سنچریاں اسکور کیں۔ سعود شکیل 151 اور خرم منظور 109 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 213 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔

 تاہم سعد علی اور سرفراز احمد کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد فواد عالم نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے  کھیل کے اختتام پر 69 رنز بنالیے ہیں جبکہ حسن محسن 7 کے انفرادی اسکور پر نا ٹ آؤٹ ہیں۔ دونوں کھلاڑی میچ کے آخری روز سندھ کی جانب سے پہلی اننگز کا دوبارہ آغاز کریں گے۔ 

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -