گھریلومرغبانی کیلئے پولٹری یونٹس پر 30فیصد حکومتی سبسڈی 

  گھریلومرغبانی کیلئے پولٹری یونٹس پر 30فیصد حکومتی سبسڈی 

  

لاہور(لیڈی رپورٹر)وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے منصوبہ برائے گھریلو مرغبانی کے تحت تقسیم کیے جانے والے ہر پولٹری یونٹ پر حکومت کی طرف سے 30 فیصد سبسڈی دی جارہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر براء لائیوسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ پنجاب سردار حسنین بہادر خان دریشک نے وزیر اعظم پاکستان کے منصوبہ برائے گھریلو مرغبانی کے تحت عمر کوٹ تحصیل روجھان میں پولٹری یونٹس کی تقریبِ تقسیم سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی زرعی معیشت کی ترقی میں لائیو اسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ کا نہایت اہم کردار ہے۔ پاکستان میں گندم اور کپاس سے جتنی آمدن ہوتی ہے اس سے زیادہ دودھ سے حاصل ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگلے مالی سال میں جانوروں کی غذائی ضروریات پوری کرنے کے لیے چارہ اور ونڈا تقسیم کرنے کا پروگرام شروع کیا جارہا ہے جو پورا سال دستیاب ہو گا۔ چارہ اور ونڈا کے استعمال سے دودھ اور گوشت کی پیداوار میں اضافہ ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق تقریب کے دوران 62 خواہش مند افراد میں بذریعہ قرعہ اندازی پولٹری یونٹس تقسیم کیے گئے۔ ہر یونٹ 5 مرغیوں اور ایک مرغا پر مشتمل ہے جن کا وزن 800 سے 900 گرام تک ہے۔ منصوبہ برائے گھریلو مرغبانی سے ملک میں غربت کے خاتمے کے ساتھ غذائی قلت کو پورا کرنے میں کافی مدد ملے گی۔

مزید :

کامرس -