عوام آئندہ انتخابات میں بھی ٹی ٹی اور جعلی اکاؤنٹس والوں کو مسترد کردینگے: فردوس عاشق

عوام آئندہ انتخابات میں بھی ٹی ٹی اور جعلی اکاؤنٹس والوں کو مسترد کردینگے: ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد(آئی این پی،مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان ضرور جائیں گے مگر 4سال بعد اور عوام دوبارہ  انہیں منتخب کریں گے جبکہ ٹی ٹی،فالودے والے،جعلی اکاؤنٹس والوں کو عوام مسترد کردینگے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بدقسمتی ہے،عوام نے جن کورہبرسمجھا وہ رہزن ثابت ہوئے، شریف خاندان نے منی لانڈرنگ نہیں کی تو پھر واپس آکرجواب دیں، شریف خاندان تعاون نہیں کریگاتونیب قانون کے مطابق فیصلے کرے گا۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ طاقتوراورکمزورسب پرایک قانون لاگوہوگا، بلاول بھٹوکابیان غیرجمہوری اور غیرپارلیمانی ہے، آصف زرداری قانون کے مجرم ہیں، عدالت نے زرداری کی صحت سے متعلق ہی فیصلہ کرناہے۔ان کا کہنا تھا کہ عوامی وسائل پرڈاکہ ڈالنے پرآصف زرداری عدالتوں کاسامنا کررہے ہیں۔قبل ازیں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ انفورسمنٹ آف ویمن پراپرٹی رائٹس آرڈیننس میں ترمیم کی کابینہ سے توثیق وزیراعظم عمران خان کے خواتین کو بااختیار اور جائیداد میں حصہ دار بنانے کے عزم کی تکمیل کی جانب ایک عملی قدم ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا خواتین کو طاقتور اور معاشرے میں ان کے فعال کردار کو یقینی بنانا نئے پاکستان کا مشن ہے،خواتین کے حقوق کے تحفظ اور فروغ کیلئے قانون سازی وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں نئے پاکستان میں نئے دور کا آغاز ہے، یہ خواتین کو بااختیار بنانے کی جانب اہم پیشرفت ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا وزیراعظم عمران خان لیٹر آف ایڈمنسٹریشن اینڈ سکسیشن سرٹیفکیٹس آرڈیننس 2019 کا چھ دسمبر کو باقاعدہ نفاذ کرنے جا رہے ہیں،یہ قانون ملکی تاریخ میں حق وراثت کے تعین میں سنگِ میل ہے، دہائیوں سے زیرسماعت مقدمات دنوں میں نمٹیں گے، ملک اور ملک سے باہر دنیا بھر میں بسنے والے پاکستانی اس سے استفادہ کریں گے۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ شہباز شریف کو  ضمانت ملی ہے بے گناہی کا سرٹیفکیٹ عطا نہیں ہوا تاہم شہبازشریف نے ڈھٹائی کے ساتھ قوم کی آنکھوں میں مرچیں ڈالنے کی کوشش کی ہے وہ قابل مذمت ہے۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ شہباز شریف نے من گھڑت بیانیہ پیش کیاہے، شہباز شریف نے ایک گھنٹے اپنی آپ بیتی قوم کو سنائی ہے، شہبازشریف نے جس ڈھیٹائی کے ساتھ قوم کی آنکھوں میں مرچیں ڈالنے کی کوشش کی ہے، وہ قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آشیانہ ہاسنگ سے متعلق کیس ابھی زیر سماعت ہے اور اس پر شہادتوں کا سلسلہ جاری ہے جب تک اس کیس کا فیصلہ نہیں آتا شہباز شریف ملزم ہی ٹھہریں گے۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے بار بار نیب نیازی گٹھ جوڑ کا راگ الاپاہے، نیازی صاحب فخر سے کہتے ہیں کہ نیازی میرا قبیلہ ہے لیکن آپ بھی قوم کو اپنا تعارف کروادیں کہ میاں کونسی ذات ہے، یہ کوئی قبائلی نام ہے یا یہ کوئی حسب نسب اور یا جد امجد کے ساتھ جڑا نام ہے، اگر نہیں تو پھر اپنے نام کے ساتھ جڑے اصل تخلص اور اپنے اصل حسب نسب کے بارے میں قوم کوبتائیں نہیں تو پھر مجھے ہی یہ ذمہ داری بھی لینی پڑے گی۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ایک پاکستانی خاندان سے 38 ارب 50 کروڑ کی ریکوری ہوئی ہے،عوام کو مبارک ہو عمران خان نے ناممکن کو ممکن کردکھایا، قوم کو اور بھی ایسی خوشخبریاں ملتی رہیں گی۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پارلیمانی کمیٹی میں اپوزیشن کی درخواست پر فیصلہ ہوا ہے کہ ممبرز الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کے حوالے سے ایک ہی وقت میں ناموں کا اعلان کیا جائے، اپوزیشن کے کہنے پرایک ہفتے کا وقت رکھا گیا، رہبر کمیٹی کے ارکان سپریم کورٹ چلے گئے، کیا اس کے پیچھے بدنیتی تو شامل نہیں ہے، بلوچستان سے نوید جان بلوچ کے حوالے سے اتفاق رائے ہوا،جس نام پر اتفاق ہوااپوزیشن نے اس نام کو بھی ایک ہفتے کیلئے موخر کیا،فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم کا وعدہ تھاکہ لوٹی ہوئی رقم واپس لائیں گے،نینشل کرائم ایجنسی یو کے کی پریس ریلیز عکاسی کر رہی ہے کہ ایک پاکستانی خاندان سے 38 ارب 50 کروڑ کی ریکوری ہوئی ہے، 72 سال سے ملک کو لوٹا جاتا رہا، عوام کو مبارک ہو عمران خان نے ناممکن کو ممکن کردکھایا، قوم کو اور بھی ایسی خوشخبریاں ملتی رہیں گی، شریف برادران پاکستان تشریف لائیں اور عدالتوں میں مقدمات کا سامنا کر کے منی ٹریل دیں اور عدالتوں میں بے گناہ ثابت کریں،عمران خان کسی سے ذاتی انتقام نہیں لینا چاہتے،فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ہم سبز ہلالی پرچم کے وفادار ہیں،جس میڈیا گروپ کا محاصرہ ہوا تھا تو سب سے پہلے کال کی،جب بات نوٹس میں آئی تو ہم نے ایکشن لیا،ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کابینہ میں نہ تو ملک ریاض کا نام لینے سے منع کیا گیا ہے نہ کوئی ایسی بات ہوئی ہے،کوئی بھی مقدس گائے نہیں۔
فردوس عاشق اعوان

مزید :

صفحہ اول -