خیبرپختونخوا میں پولیو کے دو نئے کیسز سامنے آگئے 

خیبرپختونخوا میں پولیو کے دو نئے کیسز سامنے آگئے 

  

پشاور(سٹی رپورٹر)صوبہ خیبر پختونخوا میں پولیو کے دونئے کیسزسامنے آئیں ہیں جس کے بعدرواں سال کے دوران صوبے میں پولیو کیسز کی مجموعی تعداد68ہوگئی ہے۔ گزشتہ روز ایمرجنسی آپریشن سنٹر خیبر پختونخوا کے ایک پریس ریلیز کے مطابق صوبہ خیبر پختونخوا کے جنوبی ضلع ڈی آئی خان کی تحصیل پرواکے 18ماہ کے بچے  اورلکی مروت کی تحصیل لکی کے 4ماہ کے بچے  میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے ان بچوں کے فضلہ کے نمونے قومی ادارہ صحت اسلام آباد کی لیبارٹری بھجوائے گے تھے جہاں تفصیلی تجزیہ کے بعد ان بچوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی یوں سال رواں میں ملک بھر میں پولیو کیسز کی مجموعی تعداد94جبکہ خیبر پختونخوا میں پولیو کیسز کی مجموعی تعداد68ہوگئی ہے،صوبے میں پولیو کے نئے کیسزسامنے آنے پر ایمر جنسی آپریشن سنٹر کے کوآرڈینیٹر عبدالباسط کی صدارت میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس سے خطاب کرتے ہوئے ای او سی کوآرڈینیٹرنے کہا کہ ہر بچے تک رسائی اور پولیو قطرے پلوانا ضروری ہے۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ16دسمبربروزپیر سے صوبہ بھر میں انسداد پولیو مہم چلائی جائے گی مہم کے دوران پولیو ٹیموں کے ساتھ تعاون کرکے اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلوائیں اور اپنے بچوں کو معذوری سے بچائیں۔ عبدالباسط نے کہا کہ موثر انسداد پولیو مہمات میں ہر بچے تک پہنچ کر اسے پولیو قطرے پلائے بغیر پولیو کا مکمل خاتمہ ممکن نہیں اور اس ضمن میں کوئی کوتاہی اور غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ پولیو ویکسین ہر لحاظ سے محفوظ ہے۔ 

مزید :

صفحہ اول -