بین الاقوامی میرین آئل اسپل مشق باراکوڈا کے سی فیز کا انعقاد

بین الاقوامی میرین آئل اسپل مشق باراکوڈا کے سی فیز کا انعقاد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر)دسویں بین الاقوامی مشق بارا کوڈا کا سی فیز  کراچی کے قریب  بحر ہند میں منعقد کیا گیا، کیا۔ ڈائریکٹر جنرل پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی  رئیر ایڈمر ل ذکاء الرحمان  اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ مہمان خصوصی نے پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے جہاز پی ایم ایس ایس کشمیر سے سمندر میں کی جانے والی مشقوں کا مشاہدہ کیا۔ پاک بحریہ، پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی اور پاک فضائیہ کے ساتھ ساتھ دیگر تمام ملکی اسٹیک ہولڈرز کے سطح آب اور فضائی اثاثے بھی مشق بارا کوڈا کے سی فیز میں شریک تھے۔ مشق کے سی فیز میں سمندر میں تیل کے رساؤ سے نمٹنے، بحری قذاقی کی روک تھام اور سرچ اینڈ ریکسیو آپریشنز کے عملی مظاہرے پیش کئے گئے۔ گیارہ دوست ممالک سے آنے والے24 مندوبین اور ملکی اسٹیک ہولڈرز کے نمائندوں نے بھی ان مشقوں کا مشاہدہ کیا۔ مشق میں شریک غیر ملکی مندوبین نے سمندر میں پیش آنے والی کسی بھی ناگہانی آفت سے نبرد آزما ہونے کے لئے مشق میں شریک تمام اسٹیک ہولڈرز خصوصا پاک بحریہ اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کی کاوشوں کو سراہا۔اس موقع پر بات کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے آبی ماحول کے تحفظ اور سمندر میں پیش آنے والے حادثات سے نبرد آزما ہونے کے لئے پاک بحریہ اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے اقدامات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے مشق  باراکوڈاکے انعقاد کو سراہا۔ مہمان خصوصی نے مشق میں شریک ہونے والے تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشترکہ کاوشوں کی تعریف کی  اور پاکستان آمد پرغیر ملکی مندوبین کا شکریہ ادا کیا۔مشقوں کے اختتام پر مشق میں شریک فضائی یونٹس کی جانب سے ایک شاندار فلائی پاسٹ اور اسکم پاسٹ کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔بین الاقوامی مشق بارا کوڈا سمندر میں تیل کے رساؤ روک تھام کے لئے منعقد کی جاتی ہے اس مشق کا مقصد سمندر میں تیل بہہ جانے کی صورت میں سمندر کو اس سے پاک کرنے اور سمندری آلودگی کے خاتمے کے لئے ملکی اداروں کی استعداد کار کو بڑھانا ہے۔ دسویں بین الاقوامی مشق بارا کوڈا 2 سے4 دسمبر تک کراچی اور سمندر میں منعقد کی گئی۔

مزید :

صفحہ آخر -