بالائی علاقوں میں پارہ نقطہ انجماد سے گر گیا، سردی کی شدت میں اضافہ

بالائی علاقوں میں پارہ نقطہ انجماد سے گر گیا، سردی کی شدت میں اضافہ
بالائی علاقوں میں پارہ نقطہ انجماد سے گر گیا، سردی کی شدت میں اضافہ

  

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کے بیشتر بالائی علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ وسطی اور جنوبی علاقوں میں خشک رہنے کا امکان ہے۔ پنجاب کے بعض میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں صبح کے وقت دھند پڑ سکتی ہے۔

پنجاب کے اضلاع نارووال، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، بہاولپور، اور ملتان میں صبح کے اوقات میں دھند پڑنے سے حد نگاہ کم ہونے کا اندیشہ ہے۔ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کی تحصیل گوجرہ سے دھند پڑنے کی اطلاعات ملی ہیں۔ شدید دھند سے حد نگاہ 100میٹر تک رہ گئی اور ٹریفک کی روانی بھی تعطل کا شکار ہے۔

صوبہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا تا ہم با لائی سندھ (لاڑکانہ، جیکب آباد اور روہڑی ) میں صبح کے وقت دھند پڑنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج کراچی کا موسم دن بھر خشک جبکہ مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔ صبح کے وقت شہر کا درجہ حرارت موجودہ درجہ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو زیادہ سے زیادہ 30 تک جا سکتا ہے۔

بلوچستان، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں آج موسم خشک اور سرد رہے گا۔سکردو اور اس کے دیگر ملحقہ علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے بھی نیچے گر گیا ہے جس کے سبب سردی کی شدت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اورخشک رہا۔ سب سے زیادہ سردی استور میں پڑی جہاں کا درجہ حرارت منفی 09 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

مزید :

اہم خبریں -ماحولیات -علاقائی -اسلام آباد -