معین خان نے پی ایس ایل میں مصباح الحق کے کسی بھی فرنچائز کے ساتھ کام کرنے کی مخالفت کردی ، حیرا ن کن بات کہہ دی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اورپی ایس ایل ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سابق کوچ معین خان نے پاکستان سپر لیگ میں مصباح الحق کے کسی بھی فرنچائز کے ساتھ کام کرنے کی مخالفت کردی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق معین خان کا کہنا ہے کہ مصباح کا کسی بھی ٹیم کے ڈگ آو¿ٹ میں ہونا مفادات کا ٹکراو¿ ہوگا۔ معین خان نے کہا کہ اگر مصباح الحق کسی بھی ٹیم کے ساتھ منسلک ہوتے ہیں تو اس کا پاکستانی کھلاڑیوں پر اچھا اثر نہیں پڑے گا، یہ مفادات کا ٹکراو¿ ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے اگر دیگر کوچز کو پی ایس ایل میں کام کرنے سے منع کیا ہے تو مصباح کو بھی ایسا نہ کرنے دیں۔
معین خان نے مزید کہا کہ اگر میں اس جگہ ہوتا تو خود ہی ایک عہدے سے دستبردار ہوجاتا، مجھے سمجھ نہیں آرہا کہ مصباح الحق کو ایک ساتھ اتنے عہدے کیوں دے دیے گئے۔
خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ مصباح الحق کی تقرری کے وقت یہ اعلان کرچکا تھا کہ انہیں پاکستان سپر لیگ میں کام کرنے کی اجازت ہوگی گو کہ مصباح الحق کا کسی فرنچائز سے منسلک ہونے کا باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا تاہم ذرائع کا دعویٰ ہے کہ مصباح الحق پاکستان سپر لیگ میں ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کے ساتھ بطور ہیڈ کوچ کام کریں گے۔