سابقہ اور موجودہ حکومت نے ملک کا حلیہ بگاڑ دیا،تحریک انصاف سٹیسٹس کو کی محافظ بن چکی:سراج الحق
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹرسراج الحق نےکہاہےکہ سابقہ اورموجودہ حکومت نےملک کاحلیہ بگاڑدیاہے، اب اس خوش فہمی اور فریب میں نہیں رہنا چاہیے کہ یہ حالات میں کوئی تبدیلی لاسکتے ہیں،اِداروں کے درمیان اختیارات کی جنگ کا اعتراف خود حکمران کر رہے ہیں،ظالم جاگیر داروں اور بے رحم سرمایہ داروں نے ہائی جیکرز کی طر ح معاشرے کو یرغمال بنا رکھاہے،غربت،جہالت،مہنگائی،بےروزگاری اوربدامنی جیسےمسائل کےذمہ دار یہی بے حس لوگ ہیں،پی ٹی آئی خود سٹیٹس کو کی محافظ بن چکی ہے،طبقاتی معاشی اور تعلیمی نظام کے ذریعے یہ لوگ عام آدمی کا استحصال کر رہے ہیں،22 دسمبر کو ملک بھر سے لاکھوں کی تعداد میں عوام اسلام آباد پہنچیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نےمنصورہ میں مرکزی و صوبائی سیکرٹریزاطلاعات کےاجلاس سےخطاب کرتےہوئےکیا۔اِجلاس سے سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم اور سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف نے بھی خطاب کیا ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ پندرہ ماہ گزر گئے مگر پی ٹی آئی حکومت عوام سے کیا گیا کوئی ایک وعدہ پورا نہیں کر سکی،حکمران عوام کے ساتھ مسلسل جھوٹ بو ل رہے ہیں،یہ ناکام لوگوں کا ٹولہ ہے جو پارٹیاں بدل بدل کر عوام کو دھوکہ دے رہاہے،پی ٹی آئی سابقہ حکومتوں کا تسلسل ہے،ان سے خیر کی توقع رکھنا خود فریبی کے سوا کچھ نہیں،عام آدمی مہنگائی اور بے روزگاری کے ہاتھوں پس کر رہ گیاہے،لوگوں کے لیے دو وقت کے کھانے کا حصول مشکل بنادیا گیاہے،پہلےلوگ سونا چاندی مہنگا ہونے کی باتیں کیا کرتے تھے اب آلو ، ٹماٹر ، پیاز کی قیمتوں کی بات کرتے ہیں ۔
سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ کشمیر گزشتہ چار ماہ سے کربلا بنا ہواہے،ہزاروں نوجوانوں کو اٹھا کر بھارتی جیلوں میں بند کردیا گیاہے،کشمیری قیادت جیلوں میں بند اور گھروں میں قید ہے،سینکڑوں بچیوں کو اٹھا کر انہیں درندگی کا نشانہ بنایا جارہاہے،کشمیری مائیں بہنیں بیٹیاں چیخ و پکار کر رہی ہیں مگر حکمران اندھے گونگے اور بہرے بنے ہوئے ہیں کوئی اُن کی پکار سننے والا نہیں۔ اُنہوں نے کہاکہ جب وزیراعظم نے سلطان ٹیپو بننے کی بات کی تو عوام خوشی سے جھوم اٹھے مگر بعد میں ٹیپو سلطان نےبازوپرکالی پٹی باندھ کرقوم کےسرشرم سےجھکادیے،22دسمبر کو ملک بھرسے لاکھوں لوگ اسلام آباد پہنچیں گے اور سنگ مرمر کے قبرستان میں بیٹھے بے حس اور بے ضمیر حکمرانوں کو جگانے کی کوشش کریں گے،کشمیر پاکستان کے لیے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے،پاکستان کی بقا ، سا لمیت اور تحفظ کشمیر کی آزادی سے وابستہ ہے، اگر حکمرانوں نے غیر ت و حمیت کا مظاہرہ نہ کیا تو جماعت اسلامی قوم کو آئندہ کا لائحہ عمل دے گی۔