چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کی تعیناتی کے لیے پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس 9 دسمبر کو طلب

چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کی تعیناتی کے لیے پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس 9 ...
چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کی تعیناتی کے لیے پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس 9 دسمبر کو طلب

  



اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کی تعیناتی کے لیے پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس 9 دسمبر کو طلب کرلیاگیا،اجلاس کی صدارت چیئرپرسن ڈاکٹر شیریں مزاری کریں گی۔

نجی ٹی وی کے مطابق پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس اسلام  آباد  میں ڈھائی بجےدوپہر  ہو گا،اجلاس میں نئے چیف الیکشن کمشنر کے لیے 6 ناموں کا جائزہ لیا جائے گا،یہ 6 نام وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر نے تجویز کیے ہیں،پارلیمانی کمیٹی سندھ اور بلوچستان سے2اراکین کے تقرر کے لیے 12 اراکین کے ناموں پر بھی غور کرے گی۔اجلاس سے قبل پارلیمانی کمیٹی کے اراکین میں ردوبدل کیا گیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق شیزا فاطمہ کی جگہ مرتضی جاوید عباسی دوبارہ کمیٹی کےرکن مقررکردیئے گئے ۔

یاد رہے کہ  چیف الیکشن کمشنر جسٹس(ر) سردار محمد رضا 6 دسمبر کو اپنے عہدے سے سبکدوش ہوجائیں گے۔وزیراعظم کی جانب سے اس عہدے پر تعیناتی کے لیے بابر یعقوب، فضل عباس مکین اورعارف خان کے نام تجویز کیے گئے ہیں جبکہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرشہباز شریف نےوزیراعظم کوایک خط ارسال کر کے چیف الیکشن کمشنر کے عہدے کے لیے ناصر سعید کھوسہ، جلیل عباس جیلانی اور اخلاق احمد تارڑ کے نام تجویز کئے تھے۔

مزید : علاقائی /اسلام آباد