قومی خزانے میں 107 ارب روپے آگئے، پاکستانیوں کیلئے بڑی خوشخبری
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کا کہنا ہے کہ انہیں چینی کمپنی کی جانب سے لائسنس کی تجدید کیلئے 37 ارب 16 کروڑ روپے جمع کرائے گئے ہیں، جس کے بعد حال ہی میں لائسنس تجدید فیسوں کی مد میں جمع کرائی گئی رقم 107 ارب روپے سے زائد ہو گئی ہے۔
پی ٹی اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چائنا موبائل (سی ایم پاک) نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کولائسنس کی تجدید کی فیس کی مد میں 37.16 ارب روپے (238.6 ملین امریکی ڈالر کے برابر) جمع کرادیے ہیں۔ لائسنس کی تجدید کے حوالے سے یہ رقم فیڈرل کونسولیڈیٹیڈ فنڈ (ایف سی ایف) میں جمع کرادی گئی ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق موبائل فون آپریٹرز کی جانب سے لائسنس تجدید فیسوں کی مد میں حال ہی میں 107 ارب روپے سے زائد رقم جمع کرائی گئی ہے۔ جمع شدہ رقم سے معیشت اور قومی خزانے کو معاونت فراہم ہو گی۔یہ عمل پاکستان کے ٹیلی کام سیکٹر کی مثبت شراکت اور پی ٹی اے کی کاوشوں کو ظاہر کرتا ہے۔