حکومت پانچ سال پورے کریگی،شہبازشریف رنگ باز،دس سال گجرات میں فنڈز نہیں جھوٹے پرچے دئیے:چوہدری پرویز الٰہی
گجرات(ڈیلی پاکستان آن لائن)قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویزالٰہی نےکہاہے کہ تحریک انصاف کی حکومت پانچ سالپورے کرے گی، اپوزیشن کا حق ہے کہ وہ تنقید کرے، ہماری جماعت حکومت کا بھرپور ساتھ دے رہی ہے اور دے گی، اللہ جانتا ہے کہ ہم نے جس کا بھی ساتھ دیا نیک نیتی سے دیا ہے، شہبازشریف رنگ باز ہے،ن لیگ کے دس سال میں شہبازشریف نے گجرات کو فنڈز نہیں دئیے صرف جھوٹے پرچے ضرور دئیے، گجرات کی ترقی کا سفر جہاں سے بند ہوا تھا وہیں سے شروع کر دیا گیا ہے،جلالپور جٹاں میں65 کروڑ روپے کی لاگت سے گیس پائپ لائن کا میگا پروجیکٹ ہمارے نوجوان ایم این اے حسین الٰہی لے کر آئے ہیں، کاروباری طبقہ اور پاٹری سے وابستہ صنعتکار اس سے مستفید ہو سکیں گے، سابقہ حکومت نے دس سال میں یہاں کوئی کام نہیں کیا، ہمارا نوجوان اتنا بڑا میگا پراجیکٹ اس علاقہ کیلئے لے آیا ہے تو پھر بڑے بھی اس علاقہ کیلئے کچھ نہ کچھ لے کر آئیں گے۔
جلالپور جٹاں میں گیس پائپ لائن کا افتتاح کرنے کے بعدتقریب سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ شہبازشریف نے شہباز برج کا جو برا حال کیا وہ سب کے سامنے ہے، آج ہم اسے بھی دوبارہ شروع کروا رہے ہیں، اسی طرح 1122 کا مین مرکز بھی یہاں بنا رہے ہیں اور چھوٹی چھوٹی گلیوں کیلئے موٹر سائیکل سروس بھی شروع کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت پانچ سال پورے کرے گی، اپوزیشن کا حق ہے کہ وہ تنقید کرے، ہماری جماعت پاکستان مسلم لیگ حکومت کا بھرپور ساتھ دے رہی ہے اور دے گی، اللہ جانتا ہے کہ ہم نے جس کا بھی ساتھ دیا نیک نیتی سے دیا ہے، ہمیں کہا جاتا تھا کہ یہ گیارہ ارکان ہیں یہ کیا کر لیں گے؟ہم نے مولانا فضل الرحمن کا دھرنا خوش اسلوبی سے ختم کروایا ،مولانا فضل الرحمن کے دھرنے میں دو لاکھ افراد تھے، مولوی اور پولیس آمنے سامنے تھے مگر ایک گلاس بھی نہیں ٹوٹا، چودھری شجاعت حسین اور میں نے بار بار جا کر انہیں منایا، اتنا بڑا کام ہو گیا مگر انہیں خبر نہ ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے دس سال میں شہبازشریف نے گجرات کو فنڈز نہیں دئیے صرف جھوٹے پرچے ضرور دئیے، ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم اپنے مخالفین کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کریں گے اور نہ ہی مخالفین کو دیوار کے ساتھ لگائیں گے، اقتدار میں آزمائش شروع ہو جاتی ہے، ہم نے اس آزمائش پر پورا اترنا ہے، اس علاقہ کی ترقی کا جب بھی سوچا ہم نے ہی سوچا۔
انہوں نے کہاکہ شہبازشریف رنگ باز ہے،سیالکوٹ لاہورموٹروے ہمارے منصوبے کودوسری جگہ سےلےجاناچاہتےتھےمگروہ ایسانہ کرسکے،اللہ کومنظورہوا تو موٹروے یہیں سے گزرے گی،پی ٹی آئی کےلوگوں کو کہتا ہوں کہ صبر کریں اور نیک نیت رہیں تمام کام وقت کے ساتھ ہو جائیں گے،شہبازشریف نے ہسپتالوں کا برا حال کر دیا،ایک بیڈپرتین تین مریض تھےجبکہ ہمارے دورمیں ایک بیڈپرایک مریض ہوتاتھااوردوائی مفت ملتی تھی۔ اس موقع پر ایم این اے حسین الٰہی نے بھی خطاب کیا جبکہ چودھری وجاہت حسین، شجاعت نواز اجنالہ، محمد خان بھٹی، چودھری نعیم رضا، عبداللہ یوسف، خالد گھرال، منصور حیات بٹ، بابر سلیم کھوکھر، امتیاز احمد گوگا، سید ہاشم شاہ، عاطف شاہ اور میاں عمران مسعود بھی سٹیج پر موجود تھے۔