آصف زرداری کے خلاف کوئی ثبوت سامنے نہیں لایا گیا،ساری طوطا کہانیاں میڈیا ٹرائل کے فلور پر کی جا رہی ہیں:ڈاکٹرنفیسہ شاہ
اسلام آباد(آ ن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہسابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف منی لانڈرنگ کا کوئی ثبوت سامنے نہیں لایا گیا،ساری طوطا کہانیاں میڈیا ٹرائل کے فلور پر کی جا رہی ہیں، سابق صدر عدالتوں کا سامنا کر رہے ہیں جبکہ حکومت ثبوت دینے سے بھاگ رہی ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر نفیسہ شاہ کا کہنا تھا کہ کٹھ پتلی نیازی حکومت کے معاون برائے احتساب کی پریس کانفرنس طوطا کہانیوں کےعلاوہ کچھ نہیں اور یہساری طوطا کہانیاں میڈیا ٹرائل کے فلور پر کی جا رہی ہیں۔ ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ اس سے بڑی ناانصافی کیا ہو سکتی ہے کہ الزام کا تعلق ایک صوبے سے اور ٹرائل دوسرے صوبے میں کیا جارہا ہے؟سیاسی بغض،تعصب کی انتہا یہ ہے کہ سابق صدر تک اُن کے ذاتی معالج کو رسائی نہیں دی گئی۔ ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے سوال کیا کہ سابق صدر کو بغیر سزا کے محض تفتیش کی بنیاد پر قید رکھنا کہاں کا انصاف ہے؟پریس کانفرنسیں کرکے الزامات لگانے والے عدالت میں ثبوت پیش کرنے کے لئے مزید وقت اور آئندہ تاریخ مانگ لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سابق صدر عدالتوں کا سامنا کر رہے ہیں جبکہ حکومت ثبوت دینے سے بھاگ رہی ہے۔