نامعلوم مسلح افراد کی سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری کے گھر پر فائرنگ

نامعلوم مسلح افراد کی سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری کے گھر پر ...
نامعلوم مسلح افراد کی سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری کے گھر پر فائرنگ

  



خضدار(این این آئی) تحصیل زہری میں سابق وزیراعلیٰ بلوچستان کے گھرپر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کوئی نقصان نہیں ہوا، مسلح افراد نے رات گئے فائرنگ کرکے فرار ہوگئے،سابق وزیراعلیٰ نواب ثناء اللہ زہری کی جانب سے فائرنگ واقعہ کی تصدیق کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق جمعرات کی درمیانی شب تحصیل زہری کہن کے علاقے میں سابق وزیراعلیٰ بلوچستان چیف آف جھالاون و مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنماء نواب ثناء اللہ خان زہری کی رہائشگاہ پر نامعلوم مسلح افراد کی جانب سے فائرنگ کی گئی، ذرائع نے بتایاکہ فائرنگ کافی دیر تک جاری رہی جس کے بعد فائرنگ کرنے والے افراد وہاں سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، اس حوالے سے جب لیویز تحصیلد ارزہری سے رابطہ کیاگیا تو ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کا واقع جمعرات کی درمیانی شب پیش آیا ہےتاہم اس حوالے سے رپورٹ درج کرانے  کوئی بندہ ہمارے پاس نہیں آیا۔واقعہ سے متعلق سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھاکہ رات کو میری رہائشگاہ تحصیل زہر ی پر مسلح افراد کی جانب سے فائرنگ کی گئی ہے، دشمن کی جانب سے چوری چھپکے فائرنگ کرکے فرار ہونا ان کی بزدلی کی نشاندہی کرتا ہے، اس طرح کے اوچھے ہتکنڈوں سے نہ میں اور نہ ہی میرے ورکرز اور بہی خواہوں کے حوصلے پست ہونگے، میری پوری زندگی عوامی جدوجہد اور خدمت سے عبارت ہے اور یہ خدمت و عوام سے محبت تاحیات جاری رہے گی۔انہوں نے اپنے گھر پر فائرنگ کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ جنہوں نے فائرنگ کی ہے وہ فرار ہوتے ہوئے اپنی شناخت بھی چھوڑ گئے ہیں ان کے قدموں کے نشانات ہم جانتے ہیں۔ سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کا کہنا تھاکہ پارٹی رہنماؤں کی ایک دو روز میں پریس کانفرنس ہوگی جس میں تحصیل زہری میں میری رہائشگاہ پر فائرنگ واقعہ سے متعلق تفصیلی بیان جاری کیا جائیگا۔

مزید : علاقائی /بلوچستان /کوئٹہ /Breaking News /اہم خبریں


loading...