امریکا میں دادی نے اپنی ہی ”پوتی “کو جنم دے دیا

امریکا میں دادی نے اپنی ہی ”پوتی “کو جنم دے دیا
امریکا میں دادی نے اپنی ہی ”پوتی “کو جنم دے دیا
سورس:   twitter/@CampecheDailyN1

  

نیویارک(ڈیلی پاکستان آن لائن)امریکی ریاست نیبراسکا میں 61سالہ خاتون نے اپنی پوتی کو جنم دیا ہے۔برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق 61 سالہ خاتون نے ہم جنس پرست بیٹے اور اس کے پارٹنر کے لیے بطور سروگیٹ (اپنی کوکھ سے کسی اور کے بچے کی پیدائش) اپنی پوتی کو جنم دیا ہے اور وہ اس پر بہت خوش ہیں۔امریکی ریاست نیبراسکا کی سیسل ایلج نے بیٹے میتھیو ایلج اور ان کے پارٹنر ایلیئٹ ڈوہرٹی کی بیٹی اوما لوئز کو گذشتہ ہفتے جنم دیا۔سیسل ایلج کا کہنا ہے کہ انہوں نے سروگیسی کی پیشکش اس وقت کی تھی جب ان کے ہم جنس پرست بیٹے اور ان کے پارٹنر ڈوہرٹی نے پہلی مرتبہ یہ کہا تھا کہ وہ اپنا کنبہ بڑھانا چاہتے ہیں۔

مسز ایلج نے بتایا کہ یقیناً اس پیشکش پر وہ سب ان پر ہنس پڑے تھے۔ پیشکش کے وقت میری عمر 59 برس تھی لیکن خاندان میںاس پیشکش کو صرف لطیفے کے طور پر ہی دیکھا گیا اور سنجیدہ نہیں لیا گیا۔یہ ہم جنس پرست جوڑا، جو مسز ایلج کے گھر کے قریب ہی اوماہا میں رہتا ہے، اپنے بچے کی پیدائش کے لیے راستے ڈھونڈ رہا تھا تو اس دوران ایک ڈاکٹر نے بتایا کہ مسز ایلج کی پیشکش عملی طور پر ممکن ہو سکتی ہے۔ایلج کے کئی ٹیسٹ کیے گئے جن کے بعد انھیں سروگیسی کے لیے منظور کر لیا گیا۔ وہ کہتی ہیں کہ میں صحت کے معاملے میں بہت احتیاط کرتی ہوں۔ اس حوالے سے کوئی شبہ نہیں تھا کہ میں بچہ پیدا کر سکوں گی۔ اس بچے کی پیدائش کے لیے میتھیو ایلج نے سپرم فراہم کیا اور ایلیئٹ ڈوہرٹی کی بہن نے بیضہ دیا۔

مسز ایلج کہتی ہیں کہ انہوں نے حمل کا ٹیسٹ کیا اور منفی نتائج دیکھ کر وہ کافی مایوس ہوئیں۔ جب ان کا بیٹا انہیں تسلی دینے آیا تو اس نے ٹیسٹ کے نتائج پر ایک دوسری گلابی لکیر دیکھی جس سے حمل کی تصدیق ہوتی ہے۔مسز ایلج کا کہنا تھا کہ اس لمحے بہت خوشی ہوئی تھی۔ وہ یاد کرتی ہیں کہ لڑکے ان کی کمزور بینائی کا مذاق اڑا رہے تھے اور کہہ رہے تھے کہ آپ کچھ دیکھ نہیں سکتیں لیکن بچہ پیدا کر سکتی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ حاملہ ہونے پر اکثر لوگوں کا ردعمل مثبت تھا لیکن کچھ لوگ اس پر حیران تھے، جیسے ان کے دوسرے دو بچے یعنی میتھیو کے بہن بھائی جنہیں ’ہلکا دھچکا لگا۔ جب سب کو پوری بات کا پتا چلا تو سب نے اس کی حمایت کی۔

مزید :

ڈیلی بائیٹس -