ستاروں کی روشنی میں آپ کا آئندہ ہفتہ کیسا گزرے گا؟

ستاروں کی روشنی میں آپ کا آئندہ ہفتہ کیسا گزرے گا؟
ستاروں کی روشنی میں آپ کا آئندہ ہفتہ کیسا گزرے گا؟

  

برج حمل ، سیارہ مریخ، 21 مارچ سے 20 اپریل

آپ بہت بُری طرح بلاک ہو گئے ہیں جس کام میں بھی ہاتھ ڈالتے ہیں،اس میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اپنے معاملات میں سے باہر نکلنے کا راستہ دکھائی نہیں دے رہا، اس لئے ایک مرتبہ پھر استخارہ کرنے کا مشورہ دیا جا رہا ہے، اس کے بغیر بالکل بھی نہ چلیں اور حسب توفیق صدقہ بھی دیتے رہیں۔ استخارے سے آپ کو جو بھی معلوم ہو، اس کے مطابق چلیں اور اپنے تمام معاملات بھی خفیہ رکھیں، کسی کے سامنے کوئی بات اوپن نہ کریں۔

برج ثور، سیارہ زہرہ، 21 اپریل سے 20 مئی

نحوست کے اثرات واضح طور پر محسوس ہو رہے ہیں،اس وجہ سے جس بھی کام میں ہاتھ ڈالتے ہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ آپ یاحیٰ یا قیوم کا ورد جاری رکھیں اور حقوق العباد کے حوالے سے بھی اپنے معاملات ٹھیک کریں۔ اگر یہ ٹھیک کر لئے تو بہت کچھ خودبخود ٹھیک ہو جائے گا۔ کالے ماش سے بھی اپنا صدقہ دیں۔ جو لوگ اپنے کام میں تبدیلی چاہتے ہیں،وہ ابھی تھوڑا سا انتظار کر لیں تو اچھا رہے گا۔

برج جوزہ، سیارہ عطارد، 21 مئی سے 20 جون

ان دنوں زحل آپ کے زائچے میں آیا ہوا ہے، یہ رجعت میں ہے۔ رجعت ستارے کی الٹی چال کو کہتے ہیں، اس سے سارے معاملات الٹے ہو جاتے ہیں۔ فائدے کے بجائے نقصان ہونا شروع ہو جاتا ہے اور لڑائی جھگڑے کا اندیشہ، اپنوں سے اختلافات اور ناراضی بڑھ جانے کا بھی امکان ہے۔ اس لئے ماسوائے صدقے اور رجوع الٰہی کے اور کوئی بھی راستہ نہیں ہے۔ فی الحال باقی تمام فضول کاموں کو فوری طور پر چھوڑ دیں۔

برج سرطان، سیارہ چاند، 21 جون سے 20 جولائی

آپ استخارے سے مدد لیں، اس سے ہی معلوم ہوگا کہ کس مقام پر آپ سے کوئی غلطی ہوئی ہے۔ جب تک اس غلطی کی اصلاح نہیں کر لیتے،اس وقت تک حالات بہتر نہیں ہوں گے۔ آج سے ہی اس طرف توجہ دیں اور سب شرارتی کام چھوڑ دیں، اس سے نقصان کے علاوہ اور کچھ حاصل نہیں ہو گا، ان دنوں آپ صدقے کا سہارا بھی لیں اور اپنے دل کے بے لگام گھوڑے کو لگام ڈالنا ضروری ہے۔

برج اسد، سیارہ شمس، 21 جولائی سے 21 اگست

مشتری ابھی تک زائچے میں بیٹھا ہوا ہے،اس سے مالی پوزیشن میں زبردست تیزی آئی ہے، آپ کو ہر معاملے میں بڑی زبردست کامیابی ملنے کے امکانات روشن ہیں، خاص طور پر بلاک رقم کی واپسی کی امید اور کاروباری حوالے سے زبردست کامیابی متوقع ہے، ان دنوں پرائز بانڈ کی خریداری کرنے کا بھی مشورہ ہے، وہ آپ کے حق میں مستقبل میں بہت شاندار رہے گی،بڑے انعام کی توقع نظر آتی ہے۔

برج سنبلہ ، سیارہ عطارد، 22 اگست سے 22 ستمبر

دن تو بڑے شاندار ہیں اور آپ کے لئے ہر طرح سے بحکم اللہ مہربان بھی،اب آپ بے فکر ہو جائیں اور اپنے سارے معاملات اللہ پاک پر چھوڑ دیں، وہ ہر کام میں آپ کے لئے آسانیاں پیدا کر دے گا۔ آج سے عطارد کی زائچے میں آمد مالی معاملات کو بھی آپ کے حق میں کرنے میں مدد گار ہو گی،اور کاروباری لحاظ سے بھی بہتری آئے گی، بعض افراد کا من پسند جگہ رشتہ بھی طے ہونے کے واضح امکانات دکھائی دے رہے ہیں۔

برج میزان ، سیارہ زہرہ، 23 ستمبر سے 22 اکتوبر

آپ کو صرف اپنے اللہ پر بھروسہ کرنا چاہئے اور”حسبنا اللہ و نعیم الوکیل“ کا ورد بھی کرتے رہنا چاہئے۔ آپ کے دماغ میں مختلف قسم کے خیالات کا بسیرا رہتا ہے، ورنہ حقیقت میں کچھ بھی نہیں ہے۔ یہ ہفتہ آپ کی ذہنی ٹنشن کو دور کرے گا،مالی معاملات کو ٹھیک کرے گا، گھر سے نحوست کو بھاگنے میں مدد گار ہوگا اور اولاد کے حوالے سے بھی خوشخبری دے رہا ہے۔ ہرگز فکر مند نہ ہوں۔

برج عقرب ، سیارہ مریخ، 23 اکتوبر سے 22 نومبر

عرصہ دراز کے بعد آپ کے حالات میں واضح تبدیلی آنا شروع ہو گئی ہے، آپ جس کام میں بھی اللہ پاک کا نام لے کر ہاتھ ڈالیں گے، اس میں کامیابی ملنے کے امکانات روشن ہیں۔ جو لوگ بیمار ہیں، وہ شفاءیاب ہوں گے،جو ملازمت کی تلاش میں ہیں، ان کو ملازمت ملے گی،جو تبادلہ چاہتے ہیں، من پسند جگہ تبادلہ کروالیں گے، آپ کی ہر سطح پر غیبی مدد ہونے کی امید ہے۔

برج قوس ، سیارہ مشتری، 23 نومبر سے 20 دسمبر

مشتری اور عطارد ان دنوں زائچے میں بیٹھے ہوئے ہیں،جو ہر لحاظ سے بحکم اللہ بہتری کی خبریں دے رہے ہیں،اس لئے جن بھی کاموں میں مشکلات اور دشواریوں کا سامنا تھا، وہ ختم ہوں گی اور ہر قدم پر آسانیاں ملنا شروع ہو جائیں گی۔ جو لوگ عرصہ دراز سے بے روز گار تھے، ان کا سلسلہ بھی بن جائے گا اور خواہشمند افراد کے رشتے کی بات بھی طے ہو سکتی ہے،جو لوگ سفر کا ارادہ رکھتے ہیں، وہ فی الحال صبر سے کام لیں۔

برج جدی ، سیارہ زحل، 21 دسمبر سے 19 جنوری

صورت حال جب آپ کے حق میں ہوتی ہے تو آپ فضول کاموں میں لگ جاتے ہیں اور اپنے اچھے وقت کو ضائع کر کے پھر قسمت کو قصور وار ٹھہراتے ہیں خدا کے لئے اب اس بہترین وقت کی قدر کر لیں اور جو بھی پیشکش ملے اس کا فائدہ اٹھا لیں،جس کام میں ہاتھ ڈالیں گے، کامیابی ملنے کے امکانات روشن ہیں،نیز ترقی ملنے کے امکانات کے ساتھ من پسند جگہ تبادلہ بھی ہو سکتا ہے، مجموعی طور پر صورت حال بہتر رہے گی۔

برج دلو ، سیارہ زحل، 20 جنوری سے 18 فروری

اپنے آپ پر ظلم مت کریں، موجودہ راستے کے بارے میں اچھی طرح غور و فکر کریں، اگر سمجھ میں آئے تو استخارے کی مدد لیں، پھر بھی بات نہ بنے تو تمام حالات و واقعات کا از سر نو جائزہ لیں، اللہ نے چاہا تو سیدھا راستہ سمجھ میں آ جائے گا۔ اس وقت ستاروں کی چال بہتر ہے، اگر مناسب راستہ مل گیا تو پھر وارے نیارے ہو جائیں گے اور آپ کو عزت، دولت، شہرت تینوں حوالوں سے کامیابیاں ملنا شروع ہو جائیں گی۔

برج حوت ، سیارہ مشتری، 19 فروری سے 20 مارچ

آپ کسی بھی قسم کی بندش، بدنظری یا دیگر کسی طرح کے اثرات کا شکار ہی کیوں نہ ہوں،ان شاءاللہ، ان میں سے بحکم اللہ نکلنے میں کامیاب ہوں جائیں گے اور آپ کی یہ مشکل ایک ایک کر کے دور ہوتی چلی جائیں گی۔ جو لوگ مالی طور پر شدید مشکلات کے شکار ہیں، ان کو دو تین یوم میں ہی خوشخبری ملنا شروع ہو جائے گی، بڑی رقم کا حصول بھی ممکن ہوگا۔ ان دنوں آپ کی گھریلو زندگی میں بھی تبدیلی کا آغاز ہوتا دکھائی دیتا ہے۔ 

مزید :

لائف سٹائل -مخفی علوم -