ماضی کی حکومتوں نے عوام کا پیسہ اپنی جائیدادیں بنانے پر خرچ کیا:اسد عمر

ماضی کی حکومتوں نے عوام کا پیسہ اپنی جائیدادیں بنانے پر خرچ کیا:اسد عمر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


     اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ پاکستان کی سیاست میں انقلاب آنے والا ہے۔ پاکستان کے 5 شہروں میں چند خاندانوں کا قبضہ رہا ہے، اسلام آباد اور پنجاب میں مقامی حکومتوں کا نیا نظام آرہا ہے۔ماضی کی حکومتوں نے عوام کا پیسہ اپنی جائیدادیں بنانے پر خرچ کیا اور عوام پر نہیں لگایا، گوالمنڈی والوں کی لندن تو کیا پاکستان میں بھی کوئی عزت نہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آئی 10 میں دسویں ایونیو کا سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ آئی جے پی روڈ کو چار رویہ اور سگنل فری بنانے پر کام جاری ہے، اب دسویں ایونیو کا منصوبہ تین مراحل میں شروع کیا جا رہا ہے جسے 18 ماہ میں مکمل کر لیا جائے گا، اس وقت تک مارگلہ ایونیو سے سنگجانی منصوبہ اور آئی جے پی روڈ کو چار رویہ اور سگنل فری بنانے کا منصوبہ بھی مکمل ہو چکا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ سیکٹر آئی 10 کا سب سے بڑا مسئلہ پانی کی قلت کا تھا جس پر کافی حد تک قابو پا لیا ہے، اسی طرح پونا فقیراں کے ٹیوب ویلوں کیلئے بجلی نہیں آتی تھی جس کیلئے ایک مختص لائن بچھائی جا رہی ہے جس سے یہ مسئلہ حل ہو جائے گا اور 150 نئے ٹیوب ویلز بھی لگائے جا رہے ہیں جن میں سے 100 کے قریب نصب کئے جا چکے ہیں باقی ماندہ پر کام جاری ہے، اس سے شہر کی فراہمی آب کی ضروریات پوری کی جا سکیں گی۔اسد عمر نے کہا کہ پولی کلینک اور پمز دو بڑے ہسپتال ہیں جہاں گنجائش سے کئی گنا زیادہ مریض ہیں،پولی کلینک کا توسیعی پراجیکٹ کراچی کمپنی میں بھی بننے جا رہا ہے، جنوری سے پورے پنجاب اور اسلام آباد کے شہریوں کو صحت کارڈ فراہم کر دیئے جائیں گے جس سے ذریعہ 10 لاکھ روپے تک علاج معالجہ کا خرچ حکومت برداشت کرے گی۔انہوں نے کہا کہ مقامی حکومتوں کے نظام کی جگہ ایسا طاقت ور نظام دینے جا رہے ہیں جس سے ووٹ کوحقیقی معنوں میں عزت ملے گی، میئر اسلام آباد اوپر سے نہیں بلکہ براہ راست عوام کے ووٹوں کے ذریعہ منتخب ہو کر آئے گا، بنیادی صحت، تعلیم، ترقیاتی نظام، ٹرانسپورٹ، فراہمی آب اور ماحول کا نظام میئر کے پاس ہو گا جو وسائل اور اختیارات میئر کے پاس ہوں گے وہ عوام پر خرچ ہوں گے، میئر کے ساتھ ساتھ یونین کونسل کے چیئرمین اور کونسلر بھی بااختیار ہوں گے، بجٹ کا ایک بڑا حصہ یونین کونسلز کو منتقل کیا جائے گا اور ایک حصہ اسلام آباد کی مجموعی ترقی پر خرچ ہو گا، منتخب نمائندے عوام کے سامنے جوابدہ ہوں گے جس سے لیڈر نہیں عوام طاقتور ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام سے مستفید ہونے والے نوجوان نہ صرف اپنا بلکہ دوسروں کے روزگار کا بھی ذریعہ بن رہے ہیں، اب کھیلوں کے فروغ کیلئے کامیاب سپورٹس جوان پروگرام شروع کرنے جا رہے ہیں جو ایک انقلابی قدم ہو گا۔
 اسد عمر