حلقہ این اے 133 میں ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ کا وقت ختم ، ووٹوں کی گنتی جاری

حلقہ این اے 133 میں ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ کا وقت ختم ، ووٹوں کی گنتی جاری
حلقہ این اے 133 میں ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ کا وقت ختم ، ووٹوں کی گنتی جاری

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 133 میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ کا وقت ختم ہوگیا جس کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے۔این اے 133 میں صبح 8 بجے شروع ہونے والی پولنگ شام 5 بجے تک کسی وقفے کے بغیر جاری رہی۔

پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد پولنگ اسٹیشن کے احاطے میں موجود افراد ووٹ ڈال سکیں گے۔ پولنگ کے دوران امن و امان کی صورت حال کو برقرار رکھنے کے لیے 2 ہزار سے زائد پولیس اہلکار سکیورٹی کے فرائض انجام دے رہے ہیں جبکہ رینجرز اہلکار بھی گشت پر مامور ہیں۔

مسلم لیگ ن کی شائستہ پرویز ملک اور پیپلز پارٹی کے چوہدری اسلم گِل سمیت 11امیدوار میدان میں ہیں جبکہ حلقے میں ووٹر کی مجموعی تعداد 4 لاکھ 40 ہزار سے زائد ہے۔حلقہ این اے 133 کی سیٹ مسلم لیگ ن کے رہنما پرویز ملک کے انتقال کے باعث خالی ہوئی ہے ۔ الیکشن کمیشن  کے مطابق  این اے133  کے ضمنی انتخاب  کیلئے دو لاکھ  33 ہزار 558 مرد ووٹرز رجسٹرڈ ہیں ۔ حلقہ میں دو لاکھ  چھ ہزار 927  خواتین  کو رائے دہی کا حق  حاصل تھا ۔ 

حلقے میں   پاکستان مسلم لیگ ن ، پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدوار سمیت 11 امیدوار مد مقابل ہیں ۔واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار جمشید اقبال چیمہ اور ان کی کورنگ امیدوار مسرت جمشید چیمہ  کے کاغذات نامزدگی الیکشن کمیشن کی جانب سے اعتراض لگا کر مسترد کر دیے گئے تھے ۔ الیکشن ٹریبونل اور ہائیکورٹ نے بھی الیکشن کمیشن کے اعتراضات کو برقرار رکھا تھا ۔

مزید :

اہم خبریں -قومی -