بھارتی اداکارہ سوارا بھاسکر کی بھی بچے کی خواہش، زندگی کا بڑا فیصلہ کرلیا
ممبئی (ویب ڈیسک) بھارتی اداکارہ سوارا بھاسکر نے بچہ گود لینے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں حال ہی میں بچے کو قانونی طور پر گود لینے کے لیے بھارتی سینٹرل اڈاپشن ری سورس اتھارٹی (CARA) میں رجسٹریشن کروائی ہے۔
فری پریس جرنل کو انٹرویو دیتے ہوئے اداکارہ نے بچے کو گود لینے کے حوالے سے لوگوں کی ذہنیت اور معاشرے میں پائے جانے والے عام تاثر پر بات کی۔سوارا نے گفتگو کے دوران کہاکہ اس پورے عمل میں وقت لگے گا کیونکہ ریاست اور ادارے کو یتیم بچے کو کسی دوسرے کے حوالے کرنے میں بہت احتیاط برتنی پڑتی ہے۔
اس حوالے سے سوارا نے بتایا کہ میں شادی شدہ نہیں ہوں، جانتی ہوں کہ یہ فیصلہ کتنا بڑا ہے، گود لینے کا عمل کئی مراحل سے ہوکر گزرے گا جس میں میرے بیک گراؤنڈ کے حوالے سے جانچ پڑتال کی جائے گی، مجھے اس بات کی کوئی پرواہ نہیں ہے کہ لوگ کیا کہیں گے، اس فیصلے میں میرے والدین اور دوست ساتھ ہیں۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہےکہ اس سلسلے میں سوارا کے اداکارہ یا جانی مانی شخصیت ہونے کا انہیں کسی قسم کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا، ان کے لیے اس کارروائی میں اتنا ہی وقت لگے گا جتنا بچے کو کسی عام شہری کے سپرد کرنے میں لگتا ہے۔
واضح رہے کہ اداکارہ سوارا بھاسکر ان چند اداکاراؤں میں سے ہیں جو ہر موضوع پر بنا کسی خوف کے بے باک انداز میں اظہارِ خیال کرتی ہیں جس کی وجہ سے اکثر صارفین انہیں تنقید کا نشانہ بھی بناتے ہیں۔