جھنگ کا اسسٹنٹ کمشنر چچا زاد بھائیوں کی فائرنگ سے جاں بحق
چنیوٹ (ویب ڈیسک) اسسٹنٹ کمشنر جھنگ عمران جعفر چچا زاد بھائیوں کی فائرنگ سے جاں بحق ہو گئے، ترجمان ڈی پی او چنیوٹ کا کہنا ہے کہ عمران جعفر آبائی گاؤں بڑا لنگرانہ میں اپنے گھر آئے ہوئے تھے، اسسٹنٹ کمشنر عمران جعفر کا اپنے چچازاد بھائیوں سے جھگڑا ہوا تھا۔ فائرنگ کی زد میں آکر وہ شدید زخمی ہوگئے ، انہیں ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھاکہ راستے میں دم توڑ گئے۔
جیو نیوز کے مطابق ڈی پی او چنیوٹ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ لاش ٹی ایچ کیو بھوانہ منتقل کر کے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔
دوسری جانب آئی جی پنجاب پولیس نے اسسٹنٹ کمشنر جھنگ عمران جعفر کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او فیصل آباد سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔آئی جی پنجاب نے ڈی پی او چنیوٹ کو واقعے کی جگہ پہنچنے کی ہدایت کرتے ہوئے قاتلوں کو فوری گرفتار کرکے سخت قانونی کارروائی کرنے کا حکم دیا ہے۔