پریانتھا کمارا کے تابوت کی تصویر وائرل، حکومت کی وضاحت بھی آگئی
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) سیالکوٹ کی فیکٹری میں ہجوم کے ہاتھوں تشدد کا نشانہ بن کر قتل ہونے والے پریانتھا کمارا کے تابوت کے معاملے پر حکومت کی جانب سے وضاحت جاری کردی گئی ہے۔
اینکر پرسن اجمل جامی نے پریانتھا کمارا کے سرد خانے میں رکھے گئے تابوت کی تصویر شیئر کی تھی جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی۔ اس تصویر کے معاملے پر وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی حافظ طاہر محمود اشرفی نے اجمل جامی کے ٹویٹ کے جواب میں وضاحت پیش کی ہے۔ انہوں نے لکھا"محترم جامی صاحب ،اس کی تحقیق کی ہے،یہ تابوت اس وقت سرد خانے میں ہے اور وہاں دیگر تابوت بھی ہوتے ہیں لہذا یہ صرف شناخت کے لئے حسب ضابطہ ہے ،صبح مکمل احترام اور اعزاز کے ساتھ اس مظلوم کو رخصت کریں گے ۔"
روزنامہ پاکستان سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے علامہ طاہر محمود اشرفی کا کہنا تھا کہ سری لنکن منیجر کا جسد خاکی صبح لاہور سے مکمل اعزاز اور احترام کے ساتھ سری لنکا روانہ کیا جائے گا ۔ سری لنکا اور پاکستان انتہائی قریبی دوست ممالک ہیں جن کے تعلقات میں عدم استحکام پیدا نہیں ہو سکتا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ وزیراعظم عمران خان خود سانحہ سیالکوٹ کی نگرانی کر رہے ہیں ،مجرمین کو عبرتناک سزا ملے گی ،یہ پوری قوم کا کیس ہے۔ سری لنکا کی وزارت خارجہ اور حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں ۔مقدمے کے حوالے سے سری لنکا کی حکومت اور مظلوم کی فیملی کو آگاہ رکھا ہے اور انہیں آگے بھی اپ ڈیٹ رکھیں گے ۔
Shukriya! https://t.co/QXMYljod2o
— Ajmal Jami (@ajmaljami) December 5, 2021