بغیر اصلاحات الیکشن کے نتائج کوئی تسلیم نہیں کرے گا، سراج الحق

بغیر اصلاحات الیکشن کے نتائج کوئی تسلیم نہیں کرے گا، سراج الحق
بغیر اصلاحات الیکشن کے نتائج کوئی تسلیم نہیں کرے گا، سراج الحق

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ قومی انتخابات میں تاخیر کی باتیں قوم کو منظور نہیں، الیکشن سے قبل انتخابی اصلاحات ضروری ہیں۔ سیاسی جماعتیں سویلین بالادستی، الیکشن ریفارمز اور اسٹیبلشمنٹ کے سیاست سے دور رہنے کے اعلان کی روشنی میں میکنزم کی تیاری کے لیے مذاکرات کا آغاز کریں، تین نکاتی ایجنڈے پر نئے سماجی معاہدے  سے سیاسی عدم استحکام ختم ہو گا، بغیر اصلاحات الیکشن کے نتائج کوئی تسلیم نہیں کرے گا، انتخابات متناسب نمائندگی کے اصول کے تحت ہونے چاہئیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مرکزی نظم کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی و معاشی صورتحال، عام انتخابات اور تنظیمی امور زیربحث آئے۔

سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ معیشت کی بہتری کے لیے سود اور کرپشن سے نجات حاصل کرنا ہوگی۔ حکمران جماعتیں ملک میں سیاسی و معاشی استحکام نہیں، سٹیٹس کو چاہتی ہیں، اسی میں ان کا فائدہ ہے۔ عدالتیں اور نیب لوٹ مار کرنے والوں کو نہیں پوچھتیں تو عوام ووٹ کی طاقت سے لٹیروں کا احتساب کرے۔ جماعت اسلامی ملک میں اسلامی نظام کے لیے جدوجہد کر رہی ہے، حکمران جماعتوں کے پیش نظر دولت اور جائیدادیں بنانا ہے۔

سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک کو کرپشن، قرض اور سود فری بنانا چاہتی ہے، سود اور کرپشن ام المسائل ہیں، ان سے نجات حاصل کیے بغیر بہتری ممکن نہیں۔ ملک پر مسلط حکمران اشرافیہ نے بھاری سود پر قرض لیے اور انھیں عوام کی بجائے اپنے اوپر خرچ کیا، بیرون ملک جائیدادیں اور آف شور کمپنیاں بنائیں۔ حکمرانوں کے نام پاناما لیکس اور پنڈوراپیپرز میں آئے، انھوں نے اربوں کے قرضے معاف کروائے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ اور سابقہ حکومتوں نے آئی ایم ایف سے اب تک 23پروگرام لیے ہیں، ہر پروگرام کے اختتام پر مہنگائی، بیروزگاری میں اضافہ ہوا۔ موجودہ وزیرخزانہ کو لندن سے بلایا گیا، بلند وبانگ دعوے ہوئے مگر حالات پہلے سے بھی بدتر ہوگئے۔ ڈالر کی قیمت میں کمی ہوئی نہ مہنگائی کی شرح نیچے آئی، وہ  وقت دور نہیں کہ لوگ حکمرانوں کا احتساب کریں گے۔

مزید :

قومی -