جنوبی تھائی لینڈ: تین کم عمرسگے بھائیوں کو فائرنگ کر کے ہلاک کردیا گیا
ناراتھیوٹ(اے پی پی) تھائی لینڈ کے شورش زدہ جنوب میں تین کم عمرسگے بھائیوں کو فائرنگ کر کے ہلاک کردیا گیا۔ تھائی لینڈ کے جنوبی صوبے ناراتھیوٹ میں والدین کے ہمراہ نماز پڑھ کر واپس جانے والے نو، پانچ اور تین سالہ سگے بھائیوں پر نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے اندھا دھند فائرنگ کردی جس سے وہ موقع پر ہلاک ہوگئے جبکہ ان کے والدین کو بھی گولیاں لگیں لیکن ان کی زندگیاں بچ گئیں۔ مقامی سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بچوں کی ماں حاملہ ہے اور ہسپتال میں داخل ہے۔ ساوتھرن ریجن کے ملٹری ترجمان کرنل پراموٹ پرمین نے بتایا کہ پولیس واقعہ کی تفتیشن کررہی ہے ۔تھائی صوبہ ناراتھیوٹ اور پٹانی میں2001ءسے علیحدگی پسند تحریک چل رہی ہے جس میں بدھ مت اور مسلم برادری کے5 ہزار9 سو بے گناہ افراد مارے جاچکے ہیں ۔صرف رواں سال کے آغاز سے اب تک 40 افراد گولیوں کا نشانہ بن کر اپنی جانوں سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔مقامی انتظامیہ کے مطابق علیحدگی پسندی کے ظلم کے ہاتھوں تھائی لینڈ کے تین صوبوں میں5 ہزار سے زائد بچے یتیم ہوچکے ہیں۔