کشمیری بھائیوں کی حمایت جاری رکھیں گے: وزیراعلیٰ پنجاب

کشمیری بھائیوں کی حمایت جاری رکھیں گے: وزیراعلیٰ پنجاب
CM
کیپشن: Shahbaz Sharif

  

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ بہادر کشمیری عوام حق خود ارادیت کے حصول کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں, ریاستی جبر و تشدد کے ذریعے زیادہ دیر تک کشمیریوں کو ان کے بنیادی حق سے محروم نہیں رکھا جاسکتا۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے اپنے ہر دور حکومت میں ملکی اور بین الاقوامی فورم پر کشمیر کے مسئلے کو بھرپور طریقے سے اجاگر کیا۔ آئندہ بھی کشمیریوں کے حق کیلئے آواز اٹھاتے رہیں گے اور کشمیری بھائیوں کی ہر سطح پر اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھیں گے. یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستانی عوام نے ہمیشہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض افواج کی ظلم و زیادتی اور انسانی حقوق کی پامالی کے خلاف آواز اٹھائی ہے اور آج بھی یوم یکجہتی کے موقع پر پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر پر بھارت کا غاصبانہ قبضہ اور کشمیریوں کو حق خود ارادیت سے محروم رکھنا ہر لحاظ سے قابل افسوس ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا مذاکرات کے ذریعے حل ناگزیر ہے۔ پاکستان اور بھارت کے تمام تنازعات کے خاتمے کیلئے بھی کشمیر کا مسئلہ کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ آج افہام و تفہیم اور ابلاغ کا دور ہے۔ وقت کا تقاضا ہے کہ دونوں ممالک کشمیر کے دیرینہ مسئلہ کو مل بیٹھ کر مذاکرات کے ذریعے کشمیریوں کی منشا کے مطابق حل کریں۔

مزید :

قومی -