مقبوضہ کشمیر ‘برفباری کے بعد موسم صاف ،سڑکوں پر تا حال برف مو جود

مقبوضہ کشمیر ‘برفباری کے بعد موسم صاف ،سڑکوں پر تا حال برف مو جود

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 سرینگر(کے پی آئی)مقبوضہ کشمیر میں برفباری کے بعد موسم صاف ہو گیا ،سڑکوں پر تا حال برف مو جود، وادی کا دنیا سے زمینی اور فضائی رابطہ منقطع ہوگیا، برفباری کے نتیجے میں متعدد اضلاع میں بین ضلعی رابطہ سڑکیں بھی بند ۔ محکمہ موسمیات نے اگلے کچھ دنوں تک موسم میں بہتری آنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ پیر پنچال کے آر پار اتوار سے شروع ہوئی بارشوں اور برف باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا۔ شہر سرینگر میں ہلکی بارشوں کے ساتھ برف باری ہوئی جس کے نتیجے میں شہر کے گلی کوچوں میں پانی جمع ہو گیا ہے ۔ اس دوران جنوبی کشمیر کے بیشتر علاقوں میں تیسرے روز بھی جم کر برفباری ہوئی۔ اسلام آباد قصبہ میں شام چار بجے تک 8انچ، پہلگام میں 2فٹ ،کوکرناگ میں ڈ یڑھ فٹ، سنتھن ٹاپ پر 4 فٹ ،چندن واڑی اور آڑو میں 3 فٹ برف جمع ہو گئی ہے۔ کولگام کے گردونواح کے علاقوں میں 8انچ جبکہ بالائی علاقوں، جن میں نندی مرگ میں اڑھائی فٹ، اہربل میں 2فٹ برف ریکارڈ کی گئی۔ برف باری کی وجہ سے ضلع کی تمام سڑکیں دن کے 2بجے تک بند رہیں جس کے بعد ضلع انتظامیہ نے سڑکوں سے برف ہٹانے کا کام شروع کیا ۔ پلوامہ قصبے میں برف باری ہوتی رہی۔ پلومہ قصبے میں 7انچ ، شوپیاں میں 1 فٹ اور شوپیاں کے بالائی علاقے، جن میں مغل روڑ بھی شامل ہے، پر 2فٹ کے قریب برف جمع ہو گئی ہے ۔ترال کے پہاڑی علاقوں میں ایک فٹ کے قریب برف جمع ہوئی ہے جبکہ میدانی علاقوں میں معمولی برف کے ساتھ دن بھر وقفے وقفے سے بارشیں ہوئیں۔ تازہ برف باری کی وجہ سے بالائی علاقوں کی کثیر آبادی اپنے گھروں میں محصور رہی کیونکہ شام دیر گئے تک کسی بھی بالائی علاقے کو جانے والی رابطہ سڑک سے برف نہیں ہٹائی گئی تھی جبکہ حسب معمول برف باری شرع ہونے سے قبل ہی بجلی بھی گل ہو گئی۔ برف باری کا سلسلہ تھم جانے کے بعد ترال بالا اور کچھ اہم سرکاری دفاتر، جن میں ہسپتال بھی شامل ہیں ،میں بجلی بحال کرلی گئی ہے جبکہ سڑکوں سے برف اٹھائی گئی ۔گاندربل میں 5 انچ، کنگن میں ایک فٹ ،گنڈ میں دو فٹ ، سونہ مرگ میں تین فٹ ،گمری زوجیلا اور کپٹن موڑ پر 4 فٹ برف ریکارڈ کی گئی ۔برف باری کی وجہ سے ضلع کی کئی ایک اہم رابطہ سڑکیں بھی بند ہوگئیں تھیں جنہیں چار بجے موسم صاف ہونے کے بعد دوبارہ گاڑیوں کی آمدرفت کیلئے بحال کر دیا گیا ۔ گلمرگ میں 2فٹ، ٹنگمرگ میں1 فٹ اور بابا ریشی میں 2 فٹ برف ریکارڈ کی گئی ۔ کپوارہ ضلع کے مضافاتی میدانی علاقوں میں 5سے 9 انچ تک برفباری ریکارڈ کی گئی جبکہ بالائی علاقوں میں جم کر برفباری ہوئی جس کے نتیجے میں کرنا کپوارہ کیرن کپوارہ اور مژھل کپوارہ سڑکیں بھی برفباری کی وجہ سے مسلسل 3 روز سے بند ہیں۔ نستہ چھن گلی پر تین فٹ ،کیرن کی پھرکیاں گلی پر 2فٹ جبکہ مژھل کی زیڈ گلی پر اڑھائی فٹ کے قریب برف جمع ہو گئی ہے ۔

مزید :

عالمی منظر -