جسٹس نسیم حسن شاہ کی رحلت

جسٹس نسیم حسن شاہ کی رحلت

 سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس سید نسیم حسن شاہ وفات پا گئے، اُن کو آبائی قبرستان میں سپردخاک کر دیا گیا، اُن کی عمر82برس بتائی گئی ہے۔سید نسیم حسن شاہ اپنے پیش�ۂ وکالت اور پھر متعدد اہم ترین فیصلوں کی وجہ سے بہت معروف اور مشہور شخصیت تھے۔ سپریم کورٹ میں بھٹو کی سزائے موت کے خلاف اپیل کی سماعت کرنے والے بنچ کے رکن رہے اور پھر جب مرحوم صدر اسحاق خان نے آئین کے آرٹیکل58(2-B)کا استعمال کرتے ہوئے وزیراعظم محمد نواز شریف کی حکومت برطرف کی اور آئینی درخواست عدالت عظمیٰ میں آئی، تو عدالت نے حکومت بحال کر دی تھی، جس بنچ نے صدر اسحاق کے حکم کو غیر آئینی قرار دیا، اس کے سربراہ خود سید نسیم حسن شاہ تھے۔سید نسیم حسن شاہ نے بڑی بھرپور زندگی گزاری، اُن کا قد قدرے چھوٹا تھا، لیکن ذہانت کوٹ کوٹ کر بھری ہوئی تھی اور اُن کی زندہ دِلی کے کئی واقعات مشہور ہیں، وہ بہت حاضر جواب تھے۔ مرحوم نے خود نوشت لکھی، تو اس میں اپنی کمزوریوں کا بھی اعتراف کیا اور کئی سچے انکشاف بھی کئے، اللہ مرحوم کو اپنے جوارِ رحمت میں جگہ دے۔

مزید : اداریہ