ٹیوٹاجائیکاکے تعاون سے 12کالجوں کی مکینیکل ٹیکنالوجی کو اپ گریڈ کرےگی
لاہور (کامرس رپورٹر)ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (ٹیوٹا )، جائیکا (جاپان) کے تعاون سے صوبہ بھر کے 12 گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی کی مکینیکل ٹیکنالوجی کو اپ گریڈ کرے گی۔اس اپ گریڈیشن سے ٹیوٹا اداروں میں تربیت حاصل کرنے والی نوجوان نسل کو بین الاقوامی سطح کی فنی تربیت فراہم کی جائے گی۔ اس سلسلے میں ٹیوٹا اور جائیکا کے مابین مفاہمتی یادداشت پر گزشتہ روز دستخط ہو گئے۔ چیئرپرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ اور جائیکا کے ٹیم لیڈر تاکافومی یوایدانے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے۔ چیف آپریٹنگ آفیسر ٹیوٹا جواد احمد قریشی، جائیکا ٹیم کے ممبران ہائیڈعکازو تانیمورا، مس ایاکا یشواتا، آکیرا تاکاگی اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے ۔مفاہمت کی یادداشت کے مطابق جائیکا گورنمنٹ کالجز آف ٹیکنالوجی فیصل آباد ، گوجرانوالہ ، گجرات ، لیہ ، ملتان ، سانگلہ ہل ، ساہیوال ، سرگودھا ، سیالکوٹ ،جہلم ، بہاولپور اور گورنمنٹ سٹاف ٹریننگ کالج فیصل آباد میں مکینیکل ٹیکنالوجی کو سٹیٹ آف دی آرٹ بنانے کیلئے فنی معاونت فراہم کی جائے گی۔تقریب کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے چیئرپرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے کہا کہ یہ معاہدہ گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالو جی ریلوے روڈ میں سٹیٹ آف دی آرٹ مکینیکل ٹیکنالوجی کے کامیاب آغاز کے بعد صوبہ پنجاب میںٹیوٹا کے دیگر اداروں میں عالمی سطح کی فنی تعلیم و تربیت فراہم کرنے کی طرف پیش قدمی ہے۔اس معاہدہ کے مطابق صوبہ پنجاب کی نوجوان نسل کو وزیر اعلی پنجاب کے ویژن کے مطابق پیشہ ورانہ تربیت فراہم کی جائے گی۔اس معاہدے سے افرادی قوت کو ذاتی قابلیت اور روزگار کے حصول کےلئے جدید مہارت حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔جائیکا نے ٹیوٹا اور انڈسٹری روابط میں اضافہ اورپاکستان میں جاپانی کمپنیوں میں ٹیوٹا اداروں کے زیر تربیت ہنر مندوں کیلئے آن جاب ٹریننگ اور بعد ازاں روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے بارے میں بھرپور یقین دلایا ہے۔