راولپنڈی میں مویشیوں اور پولٹری کی فری ویکسی نیشن مہم کا 100فیصد ہدف حاصل

راولپنڈی میں مویشیوں اور پولٹری کی فری ویکسی نیشن مہم کا 100فیصد ہدف حاصل

راولپنڈی (این این آئی) راولپنڈی میں مویشیوں اور پولٹری کی فری ویکسی نیشن مہم کا 100فی صد ہدف حاصل کرتے ہوئے 6لاکھ سے زائد مویشیوں اور 4لاکھ سے زائد مرغیوں اور پرندوں کو ویکسین لگانے کا عمل مکمل کر لیا گیا ،خصوصی ویکسی نیشن مہم اب فالو اپ مرحلہ میں داخل ہو گئی ۔ڈسٹرکٹ آفیسر لائیو سٹاک راولپنڈی ڈاکٹر مظہر نے بتایا کہ ضلع راولپنڈی میں مویشیوں اور پولٹری کی فری ویکسی نیشن مہم کے دوران گائے بھینسوں سمیت 402360بڑے مویشیوں جبکہ بھیڑ ،بکریوں سمیت 273671چھوٹے مویشیوں کو ویکسی نیشن دی گئی جو کہ مجموعی تعداد 676031بنتی ہے ۔خصوصی ویکسی نیشن مہم کے دوران مجموعی طور پر 421534 پرندوں (بشمول فینسی پرندے و پولٹری )کو ویکسین فراہم کی گئی ۔ای ڈی او ایگریکلچر راولپنڈی ڈاکٹر شاہد سجاد نے بتایا کہ وزیر اعلی پنجاب میاں محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر سیکرٹری لائیو سٹاک پنجاب نسیم صادق کی نگرانی میں ضلع راولپنڈی میں بھینسوں ، بھیڑ ،بکریوں اور مرغیوں کی خصوصی فری ویکسی نیشن مہم کا آغاز 15جنوری سے کیا گیا تھا جس کا لائیو سٹاک ڈیپارٹمنٹ نے 100فی صد ہدف حاصل کر لیا ہے جس پر خصوصی ویکسی نیشن مہم کی ساری ٹیم کی کوششیں لائق ستائش ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ خصوصی ویکسی نیشن مہم کے دوران دیگر اضلاع کی طرح ضلع راولپنڈی میں بھی ایڈیشنل سیکرٹری لائیو سٹاک پنجاب چوہدری محمد عاشق ڈوگرنے مہم کی کامیابی کے لیے ذاتی طور مختلف علاقوں میں ویکسینیشن ٹیموں کے ہمراہ جا کرتمام عمل کی نگرانی کی ۔

ویٹرنری آفیسر ڈاکٹر عتیق نے کہا کہ مویشیوں کی فری ویکسی نیشن مہم کا بنیادی مقصد پنجاب بھر میں مویشیوں کو بیماریوں سے بچا کر ان کی استعداد کار میں اضافہ اور دودھ و گوشت کی مطلوبہ پیداوار کا حصول ہے ۔انہوںنے بتا یا کہ مہم کے دوران بھینسوں کو گل گھوٹو ، بھیڑ بکریوں کو انتڑیوں کے زہر اور مرغیوں کو رانی کھیت کی بیماری سے بچاﺅ کے ٹیکے لگائے گئے اور بیمار جانوروں کا مفت علاج معالجہ بھی کیا گیا ۔ڈاکٹر عتیق نے مزید بتایا کہ سیکرٹری لائیو سٹاک کی ہدایات پر فری ویکسی نیشن مہم ضلع راولپنڈی میں 100فی صد ہدف کے حصول تک جاری رکھی گئی اور مہم میں مجموعی طور پر 6لاکھ 76ہزار 31مویشیوں کو ویکسین لگائی گئی ۔ڈاکٹر عتیق نے کہا کہ اس ضلع بھر میں ویکسی نیشن مہم کا فالو اپ مرحلہ جاری ہے جس کے دوران ایسے مویشیوں و پرندوں کو ویکسین لگائی جا رہی ہے جنہیں خصوصی مہم کے دوران کسی بھی وجہ سے ویکسین نہیں لگائی جا سکی ۔

مزید : کامرس