حکومت ٹیکسٹائل سیکٹر کےلئے خصوصی ترغیبات کا اعلان کرے
فیصل آباد (بیورورپورٹ) آل پاکستان ٹیکسٹائل مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے ترجمان نے بتایاہے کہ پاکستانی ٹیکسٹائل مصنوعات کی پیداواری لاگت میں اضافہ کے باعث عالمی منڈی میں ہمسایہ ممالک کی مصنوعات کی مانگ میں اضافہ ہو گیا ہے کیونکہ ان ممالک کی مصنوعات پیداواری لاگت کم ہونے کے باعث پاکستانی ٹیکسٹائل مصنوعات کے مقابلے میں سستی ہیںلہٰذا حکومت پاکستان بھی اس ضمن میں خصوصی ترغیبات کا اعلان کرے تاکہ عالمی منڈی میں مسابقتی صورتحال سے نمٹنے میں آسانی ہو سکے۔میڈیاسے بات چیت کے دوران انہوںنے بتایا کہ بجلی و گیس کی قیمتوں میں زبردست اضافہ ،مختلف ٹیکسز کے نفاذ ، ٹرانسپورٹیشن و توانائی کے اخراجا ت دوگنا ہونے سمیت دیگر مشکل حالات کے باعث پاکستان کی پیداواری صلاحیت انتہائی ابتری کا شکار ہے اور برآمد ی صنعتوں کےلئے آرڈرز کی بروقت تکمیل نہ ہونے سے جہاں پیداواری لاگت میں اضافہ ہو رہا ہے وہیں ان کی تکمیل میں بھی سخت دشواریاں درپیش آ رہی ہیں۔انہوںنے کہا کہ دوسرے ممالک کی حکومتیں برآمدی صنعتوں کو مراعات فراہم کر رہی ہیں جس کے باعث ان کی مصنوعات کی قیمتیں پاکستان کے مقابلے میں بہت کم ہیں۔انہوںنے سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے رعائتی برآمدی قرضوں کی شرح سود میں بھی فوری طور پر کمی کا مطالبہ کیا ہے۔