امریکی فلم فیسٹیول پاکستانی فلمیں دکھانے کی پیشکش

 امریکی فلم فیسٹیول پاکستانی فلمیں دکھانے کی پیشکش

لاہور(فلم رپورٹر )پاکستانی فلم پروڈیوسرزکیلئے امریکی فلم فیسٹیول میں اپنی فلموں کودکھانے کاسنہری موقع،تفصیلات کے مطابق وزارت اطلاعات ونشریات نے پاکستان فلم پروڈیوسر ایسوسی ایشن کوایک خط کے ذریعے مطلع کیا ہے کہ اپریل میں امریکا میں ہونیوالے فلم فیسٹیول میں پاکستانی فلموں کوشامل کرنے کیلئے 8فروری تک پاکستانی فلموں کی سب ٹائٹلنگ کرکے وزارت کوبھجوادیں۔وزارت اطلاعات کے اس خط پرفلم پروڈیوسرایسوسی ایشن کے سب آفس واقع رائل پارک کی جانب سے ایک بیان جاری کیاگیا ہے کہ یکم جنوری2103سے30جنوری2015تک جتنی بھی فلمیں پاکستان میں بنی ہیں اور جو پروڈیوسر اپنی فلم کو اس فیسٹیول میں شامل کرنے کے خواہش مندہیں۔ وہ8فروری تک سب آفس میں سب ٹائٹلنگ کے ساتھ فلم کی ڈی وی ڈی جمع کروادیں تاکہ ان کی اس کاوش کو وزارت اطلاعات تک پہنچادیاجائے۔فلم ڈسٹری بیوٹرایسوی ایشن کے چیرمین چودھری اعجازکامران نے کہا ہے کہ پاکستان فلم سازوں کیلئے یہ ایک سنہری موقع ہے کہ وہ اپنی شاہکار فلموں کو امریکا میں ہونیوالے اس فیسٹیول میں پیش کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ پاکستان فلم انڈسٹری کیلئے بہترین اقدامات بروئے کارلائے۔

مزید : کلچر