فٹبال ٹیم نے افغانستان کیخلاف میچ کی بھرپور تیاری کی ،شملان

فٹبال ٹیم نے افغانستان کیخلاف میچ کی بھرپور تیاری کی ،شملان

لاہور ( سپورٹس رپورٹر )پاکستان فٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ محمد شملان اور کپتان حسن بشیر نے کہا ہے کہ قومی فٹ بال ٹیم نے افغانستان کے خلاف میچ کی بھرپور تیاری کی ہے اور انشاء اللہ ٹیم 6فروری کو پنجاب سٹیڈیم میں ہونے والے میچ میں فتح حاصل کر ے گی ۔فیفا ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ قومی فٹ بال ٹیم کی رینکنگ افغانستان سے کم ہے لیکن ٹیم جذبہ سے میدان میں اترے گی اور جیت کے لئے بھرپور کوشش کرے گی ۔پاکستان کی فٹ بال ٹیم کی پرفارمنس میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے اور ماضی میں ٹیم نے بھارت کو بھی شکست دی ہے جبکہ ٹیم صرف دنیا کی مضبوط ٹیموں سے بھرپور مقابلہ کرکے ہاری ہے ۔انہوں نے کہاکہ افغانستان کے خلاف میچ ورلڈ کپ کوالیفائنگ اور انڈر 23اولمپک راؤنڈ کی تیاریوں کا حصہ ہے ۔

۔ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ کے سلسلہ میں میچز 12اور 17مارچ کو ہوم اینڈ اوے کی بنیاد پر ہوں گے ۔انڈر 23اولمپک راؤنڈ 23سے 31مارچ تک پنجاب سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا جس میں پاکستان ،کرغستان ،ترکمانستان ،جورڈن اور کویت کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔ہیڈ کوچ محمد شاملان کا کہنا تھا کہ قومی فٹ بال ٹیم کی پرفارمنس کو بہتر بنانے کے لئے تیاریاں ڈیڑھ سال سے جاری ہیں اور تمام کھلاڑی بھرپور محنت اور لگن سے ٹریننگ کی طرف توجہ دیتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ٹیم کے بیرون ملک کھیلنے والے سٹار کھلاڑی کلیم اللہ ،محمد عادل اورمحمد احمد اپنے کلبوں کی طرف سے کھیلنے کی وجہ سے پاکستان نہیں آسکے جبکہ ذیشان زخمی ہونے کی وجہ میچ نہیں کھیل سکے گا۔ افغانستان فٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ حسین صالح اور کپتان جلاالدین نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کی ٹیمیں مضبوط ہیں اور ہماری ٹیم جیت کے لئے بھرپور کوشش کرے گی ۔فیفا ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستان اور افغانستان کی ٹیموں میں سے کوئی بھی ٹیم جیتے لیکن ہم پاکستان کے خلاف دوستانہ میچ کھیل کر دنیا کو امن اور دوستی کا واضع پیغام دینا چاہتے ہیں ۔فٹ بال میچز سے دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان دوستانہ تعلقات میں اضافہ ہوگا اور ہم اس دوستی کو نوجوان کھلاڑیوں تک لے جانا چاہتے ہیں تاکہ دونوں ملکوں کے نوجوان کھلاڑیوں کی ٹیمیں مستقبل میں میچز کھیلیں تاکہ خطہ میں فٹ بال کے کھیل کو فروغ حاصل ہو ۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی