فٹ بال میچ کے انعقاد کے انتظامات مکمل کرلئے،احمد یار خان

فٹ بال میچ کے انعقاد کے انتظامات مکمل کرلئے،احمد یار خان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور ( سپورٹس رپورٹر )پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے سیکرٹری کرنل (ر) احمد یار خان لودھی نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے مابین 6فروری کو پنجاب سٹیڈیم لاہور میں ہونے والے فٹ بال میچ کے انعقاد کے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں اور اس سلسلہ میں پنجاب سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل عثمان انور نے بھی پی ایف ایف کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروادی ہے ۔فٹ بال ہاؤس لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ افغانستان کی ٹیم کے خلاف میچ ورلڈ کپ کوالفائنگ راؤنڈ اور انڈر 23اولمپکس کوالیفائنگ راؤنڈ کی تیاریوں کے سلسلہ کی ایک کڑی ہے ۔افغانستان کی ٹیم کی رینکنگ پاکستان ٹیم سے بہتر ہے اور تربیتی کیمپ میں قومی فٹ بال ٹیم کی تیاریوں کو دیکھتے ہوئے کہا جاسکتا ہے کہ ٹیم افغانستان کے خلاف بہترین کھیل کا مظاہرہ کرے گی ۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان فٹ بال فیڈریشن نے افغانستان کی ٹیم کو دو میچز کھیلنے کی درخواست کی تھی لیکن ان کے مصروف شیڈول کی وجہ سے صرف ایک ہی میچ کھیلا جاسکے گا اور دوسرا میچ اپریل میں ہوگا۔کرنل (ر) احمد یارلودھی نے بتایا کہ میچ کے موقع پر تماشائیوں کے لئے داخلہ مفت ہوگا اور ٹیموں کو فول پروف سیکورٹی مہیا کی جائے گی ۔ میچ کے انعقاد کے لئے سیکورٹی کلیئرنس مل گئی ہے۔ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ کے سلسلہ میں میچز 12اور 17مارچ کو ہوم اینڈ اوے کی بنیاد پر ہوں گے ۔انڈر 23اولمپک راؤنڈ 23سے 31مارچ تک پنجاب سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا جس میں پاکستان ،کرغستان ،ترکمانستان ،جورڈن اور کویت کی ٹیمیں حصہ لیں گی ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان فٹ بال ٹیم کا تربیتی کیمپ لاہور میں جاری ہے۔
اور جس میں کھلاڑی محنت سے ٹریننگ کررہے ہیں جبکہ افغانستان کے خلاف میچ سے قبل بیرون ممالک کھیلنے والے کھلاڑی بھی قومی فٹ بال ٹیم کو جوائن کرلیں گے ۔