ہاکی ٹیم اولمپکس کوالیفائنگ راﺅنڈ میں ضرور شرکت کریگی،رانا مجاہد

ہاکی ٹیم اولمپکس کوالیفائنگ راﺅنڈ میں ضرور شرکت کریگی،رانا مجاہد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(آن لائن) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل اولمپئن رانا مجاہد علی خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان میاں محمد نوازشریف نے ملاقات کیلئے گیارہ فروری کی تاریخ دی ہے اگر ملاقات ہوگئی تو قوی امکان ہے کہ ہاکی فیڈریشن کی مالی معاملات حل ہوجائینگے، قومی ٹیم اولمپکس کوالیفائنگ راﺅنڈ میں ضرور شرکت کریگی۔ تاہم اذلان شاہ کپ اور دورہ آسٹریلیا حکومتی گرانٹ سے مشروط ہے۔ کسٹمز اسپورٹس کمپلیکس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ہدف 2016کے ریو ڈی جنیرو اولمپکس ہیں،ہم جولائی2015میں بلجیم میں کوالیفائنگ راﺅنڈ کھیلیں گے اور اولمپکس میں رسائی بھی حاصل کرینگے۔ قائد اعظم گولڈ کپ ہاکی ٹورنامنٹ کے فوراً بعد اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ اور دورہ آسٹریلیا کیلئے قومی ہاکی ٹیم کا تربیتی کیمپ اسلام آباد میں ہوگا جس میں صرف33کھلاڑیوں کو شامل کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم گولڈ کپ میں چیئرمین اصلاح الدین صدیقی کی سربراہی میں قائم پانچ رکنی سلیکشن کمیٹی کے ارکان بھی کھلاڑیوں کی کارکردگی دیکھیں گے اور قومی ٹیم کے کیمپ کیلئے کھلاڑی منتخب کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ مالی مشکلات کی وجہ سے چین کا دورہ ملتوی کردیا گیا ہے اور چینی ہاکی حکام کو اس فیصلے سے آگاہ کردیا گیا ہے۔