سائکلنگ چیمپئن شپ میں شرکت سے سائکلسٹس کے اعتمادمیں اضافہ ہوگا،معظم علی

سائکلنگ چیمپئن شپ میں شرکت سے سائکلسٹس کے اعتمادمیں اضافہ ہوگا،معظم علی

لاہور ( سپورٹس رپورٹر )پاکستان سائکلنگ ٹیم کے مینجر معظم علی خان نے کہا ہے کہ تھائی لینڈ میں ہونے والی سائکلنگ چیمپئن شپ میں شرکت سے قومی سائکلسٹس کے اعتماد اور تجربہ میں اضافہ ہوگا ۔خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ انٹرنیشنل سطح پر دیگر ایشین ممالک کے مقابلہ میں ہم کافی پیچھے ہیں لیکن چیمپئن شپ میں شرکت کرنے سے ہمارے سائکلسٹس جوکہ کھیل میں زیادہ مہارت حاصل کرنا چاہتے ہیں کے تجربہ اور تکنیک میں بہتری آئے گی ۔چیمپئن شپ میں شرکت کرنے والی ٹیم چار مرد سائکلسٹس نعمت علی ،ذیشان علی ،حبیب اللہ ( ایس ایس جی سی)ساجد محمد ( پاک آرمی)اور دو خواتین سائکلسٹس راحیلہ بانو(واپڈا )اور راجیہ شبیر ( ایس ایس جی سی ) پر مشتمل ہے ۔ڈائریکٹر جنرل پاکستان سپورٹس بورڈ اختر نواز گنجیراچیف ڈی مشن ، محمد اشتیاق مبین اسسٹنٹ مینجر اور محمود اسلم ٹیم کے مکینک ہوں گے ۔ایشیا کا پریمئر سائکلنگ ایونٹ بنکاک سے 200کلومیٹر دور نکہون راچاسیما میں 10سے 14فروری تک منعقد ہوگا ۔سابقہ انٹرنیشنل سائکلسٹ اور بہت سے انٹرنیشنل میڈل جیتنے والے معظم علی خان کا کہنا تھا کہ اس بات کی سخت ضرورت ہے کہ قومی سائکلسٹس کی انٹرنیشنل سطح پر ہونے والے ٹاپ ایونٹس میں باقاعدگی سے شرکت کو یقینی بنایا جائے ۔انہوں نے کہاکہ مستقبل میں ہونے والے ایونٹس کو مد نظر رکھ کر ملک میں دستیاب بہترین کھلاڑیوں کو کیمپ میں پرفارمنس کی بنیاد پر قومی سائکلنگ ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے ۔پاکستان ٹیم صرف روڈ ایونٹس میں حصہ لے گی کیونکہ سائکلنگ ویلڈروم میں ہونے والے ٹریک ایونٹ کے لئے ان کو ابھی مذید تیاری کی ضرورت ہے ۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان سائکلنگ فیڈریشن نوجوان سائکلسٹس کی صلاحیتوں میں نکھار لانے کے لئے زیادہ توجہ دے رہی ہے۔

 اور ہمیں اس بات کا پورا یقین ہے کہ ایشین چیمپئن شپ میں شرکت سے نہ صرف ہمارے سائکلسٹوں کے اعتماد میں اضافہ ہوگا بلکہ ان کو اپنی کمزوریوں پر قابو پانے اور تکنیک کو بہتر بنانے کا موقع ملے گا ۔معظم علی خان جو کہ پنجاب سائکلنگ ایسویسی ایشن کے صدر بھی ہیں کا کہنا تھا کہ پاکستانی سائکلسٹوں کا ایشین ممالک کے سائکلسٹوں سے موازنہ کرنا ناانصافی ہوگی کیونکہ پاکستان میں ان ممالک کے مقابلے میں کم سائکلنگ انفراسٹرکچر ہے اور سائکلسٹوں کے پاس ترقی یافتہ ممالک کے سائکلسٹوں سے مقابلہ کرنے کے لئے جدید سائکلیں بھی نہیں ہیں ۔ان تمام تلخ حقائق اورمالی مسائل کے باجودپاکستان سائکلنگ فیڈریشن اپنے سائکلسٹوں کی ٹاپ سائکلنگ ایونٹس میں شرکت کو یقین بناکر انہیں تربیت دینے کا عزم رکھتی ہے ۔معظم علی خان نے بتایا کہ پاکستان سائکلنگ فیڈریشن کے سیکرٹری سید اظہر علی شاہ 9فروری کو ہونے والے ایشین سائکلنگ کنفیڈریشن کے اجلاس میں شرکت کریں گے اور ہمیں امید ہے کہ سیکرٹری پی ایس ایف پاکستان میں سائکلنگ کے کھیل کی کی بحالی اور ترقی کے لئے متعلقہ عہدیداران سے ملاقات کرکے ایشین باڈی اور دوسرے ایشین ممالک کی سپورٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے ۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی