کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ،اس کے بغیر زندہ رہنا ممکن نہیں، ڈاکٹر مجاہد کامران

کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ،اس کے بغیر زندہ رہنا ممکن نہیں، ڈاکٹر مجاہد کامران

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور(ایجوکیشن رپورٹر) وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر مجاہد کامران نے کہا ہے کہ پاکستان کو احساس ہونا چاہئے کشمیر کے بغیر زندہ رہنا ممکن نہیں اور حقیقی معنوں میں کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ہمارے دریا کشمیر سے نکلتے ہیں اور بھارت وہاں ڈیم بنا کر پاکستان کو پانی سے محروم کردے گا وہ پنجاب یونیورسٹی پاکستان سٹڈی سنٹر کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔ سیمینار میں معروف کشمیری رہنماء سردار خالد ابراہیم، چئیرمین شعبہ پولیٹیکل سائنس سرگودھا یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رشید احمد خان، ڈین فیکلٹی آرٹس اینڈ ہیومینیٹیز پروفیسر ڈاکٹر مسرت عابد، فیکلٹی ممبران اور طلباء و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مجاہد کامران نے کہا کہ لارڈ ماوٗنٹ بیٹن نے بھارت کو کشمیر میں داخلے کا راستہ دے کر مسئلہ کشمیر کی بنیاد رکھی وگرنہ کشمیر جغرافیائی اور ثقافتی اعتبار سے پاکستان کا حصہ ہے۔ بھارت نے کشمیر پر فراڈ کے ذریعے غیر قانونی طور پر قبضہ کیا وگرنہ الحاق کا کوئی کاغذ آج تک کہیں پیش نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان کے حکمرانوں نے کشمیریوں کی اس سطح پر مدد نہیں کی جس سطح پر انہیں کرنی چاہئیے تھی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام بغیر کسی مدد کے اپنی جنگ خود لڑ رہے ہیں اور بھارت نے چھوٹے سے علاقے میں 7 لاکھ سے زائد فوج بٹھا رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر تبھی حل ہو گا جب پاکستان کے حالات مضبوط اور مستحکم ہوں گے۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سردار خالد ابراہیم نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے بطور بین الاقوامی مسئلہ تشخص کو برقرار رکھنا چاہئیے یہ دو فریقین کا مسئلہ نہیں ہے انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام اس مسئلے میں بنیادی اور کلیدی پارٹی ہیں انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل موجود ہیں صرف طریقہ کار طے کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کسی صورت حقِ خود ارادیت سے دستبردار نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہندووٗں اور مسلمانوں میں اعتماد کا فقدان ہے تاہم پاکستان نے اپنا موٗقف نہیں بدلا مگر بھارت کے موٗقف میں بار بار تبدیلی آئی ہے۔ ڈاکٹر رشید احمد خان نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے پاکستان کو بھارت پر سنجیدہ مذ اکرات شروع کرنے کے لئے دباوٗ ڈالنا چاہئیے انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اعتاد سازی کے ٹھوس اقدامات کرنے چاہئیں۔ڈاکٹر مسرت عابد نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے مسئلہ کشمیر کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے عین مطابق حل ہونا چاہئیے۔ سیمینار کے اختتام پر سوال جواب کا سیشن منعقد کیا گیا۔