مسئلہ کشمیر پر تحریک انصاف کا موقف دو ٹوک اور حقیقت پسندانہ ہے، عبد العلیم خان

مسئلہ کشمیر پر تحریک انصاف کا موقف دو ٹوک اور حقیقت پسندانہ ہے، عبد العلیم ...

لاہور (نمائندہ خصوصی) تحریک انصاف ضلع لاہور کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر سمیت ملک کو در پیش قومی مسائل کے حل کیلئے صحیح معنوں میں اہل ،قابل اور جراء ت مندانہ قیادت کی ضرورت ہے ، بد قسمتی سے دھاندلی زدہ موجودہ حکمران قوم کو درپیش مسائل اور مشکلات میں کمی کی بجائے ان میں اضافے کا باعث بن رہیں ہیں انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر تحریک انصاف کا موقف دو ٹوک اور حقیقت پسندانہ ہے عمران خان جیسا لیڈر ہی کسی بھی عالمی فورم پر آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کر سکتا ہے عبدالعلیم خان نے کشمیر ڈے کے حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت سے یکطرفہ دوستی کی پینگیں بڑھانے والی \"شریف قیادت \"کیلئے لمحہ فکریہ ہونا چاہئیے کہ وہی بھارت دریائے چناب پر \"رتلی ڈیم\"کی تعمیر کے ذریعے ہمارے کھیتوں کو بنجر کر نے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے اسی طرح بھارت کا پاکستان کے خلاف اقوام متحدہ میں قرار داد لانا ہماری ایک اور سفارتی ناکامی ہے۔    یو م کشمیر ہم سے تقاضا کرتا ہے کہ ہم اپنی قومی ترجیحات کا نئے سرے سے تعین کر کے ان کے حصول کیلئے انفرادی اور اجتما عی کاوشیں بروئے کار لائیں ۔مزید برآں پی ٹی آئی لاہور کے صدر عبدالعلیم خان نے تمام ٹاؤنز کے عہدیداران اور کارکنا ن کو 5فروری کو کشمیر ڈے کے موقع پر ہونے والی تقریبات میں بھر پور طریقے سے شرکت کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ دریں اثناء تحریک انصاف لاہور کے ضلعی صدر عبدالعلیم خان نے مختلف ٹاؤن صدور سے ہونے والی ملاقاتوں میں پارٹی امور پر تبادلہ خیال کیا اور ان سے ملاقات کرنے والوں میں پارٹی کے ضلعی عہدیداران شعیب صدیقی ،میاں حامد معراج ،جمشید اقبال چیمہ ،میاں افتخار ،میاں جاوید علی ،ڈاکٹر زرقا ،سیکرٹری اطلاعات فرخ جاوید مون ،شیخ عامر،سید راشد ریاض اور ثانیہ کامران شامل ہیں جنہوں نے ضلعی صدر کو اپنے شعبوں کے حوالے سے پارٹی امور پر بریفنگ دی ۔

مزید : میٹروپولیٹن 4