اصغری ڈکیت گینگ کے سرغنہ سمیت4 ملزموں کو گرفتارکرلیاگیا

اصغری ڈکیت گینگ کے سرغنہ سمیت4 ملزموں کو گرفتارکرلیاگیا

 لاہور(کرائم سیل)انویسٹی گیشن شاہدرہ پولیس نے گن پوائنٹ پر شہریوں سے موبائل فونز، نقدی اور دیگر قیمتی اشیا ء لوٹنے کی وارداتوں ملوث اصغری ڈکیت گینگ کے سرغنہ سمیت4 ملزموں کو گرفتارکرکے ان سے شہر کے مختلف علاقوں سے ڈکیتی اور راہزنی کی وارداتوں میں لوٹا ہو ا مال اور ناجائز اسلحہ برآمد کرلیا ہے ۔تفصیلا ت کے مطابق سی سی پی او لاہو ر کیپٹن (ر) محمد امین وینس نے شہر میں ڈکیتی ، راہزنی ، چوری اور دیگرجرائم کی وارداتوں کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز اور انویسٹی گیشن کو ان وارداتوں میں ملوث ڈاکوؤں اور دیگر جرائم پیشہ افراد کو گرفتارکرنے کاحکم دیا۔ ایس پی سٹی انویسٹی گیشن محمد نوید نے ایس پی او شاہدرہ عابد حسین کی سربراہی میں انچارج انویسٹی گیشن شاہدرہ سید اسرار حسین اور دیگر اہلکاروں پر مشتمل پولیس ٹیم تشکیل دی جس نے خفیہ اطلاعات پر ریڈ کرکے اصغری ڈکیت گینگ کے سرغنہ نوید اصغر عرف اصغری اور اس کے 3ساتھیوں انجم شہزاد، ذکاء اور جبار کو گرفتار کرکے ان سے مسروقہ3 موبائل فونز، نقدی، دیگر قیمتی اشیاء اورناجائز اسلحہ برآمدکرلیاجبکہ ملزموں کا پانچواں ساتھی بشارت موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ ملزمان سابقہ ریکارڈ یافتہ ہیں اور اس سے قبل بھی ڈکیتی اور راہزنی کے مقدمات میں کئی مرتبہ جیل جا چکے ہیں۔ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزموں نے تھانہ شاہدرہ، شفیق آباد، بادامی باغ، لوئر مال، داتا دربار، بھاٹی گیٹ اور ساندہ کے علا قوں میں ڈکیتی اور راہزنی کی22 مزید وارداتوں کا اعتراف کیا ہے جبکہ ملزموں کے خلاف مذکورہ تھانوں میں ڈکیتی اور راہزنی کے متعدد مقدمات بھی ٹریس ہوئے ہیں۔

مزید : علاقائی